وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید کی بجلی کے بلوں کی ریکوری کو بہتر بنانے کی ہدایت

جمعرات 8 دسمبر 2022 19:53

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 دسمبر2022ء) وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے محکمہ برقیات گلگت بلتستان کی جانب سے بجلی کے بلوں کی ریکوری کو غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے محکمے کو ہدایت کی ہے کہ بجلی کے بلوں کی ریکوری کو بہتر بنائیں، صارفین کو میٹر ریڈنگ کے مطابق بجلی کے بل دیئے جائیں، مختلف علاقوں سے بجلی کے بھاری بل دینے کی شکایات موصول ہورہی ہیں جس کا جائزہ لیں۔

وزیر اعلیٰ خالد خورشید نے گلگت بلتستان میں بجلی کی کمی کے حوالے سے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کے دوران کہا کہ پاور سیکٹر سے حاصل شدہ ریونیو کو نئے پاور پروجیکٹس کیلئے ہی استعمال کیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ نے صوبائی سیکریٹری برقیات اور محکمہ پلاننگ کو ہدایت کی کہ نئے پاور پروجیکٹس کی ڈیزائننگ میں خصوصی توجہ دیں تاکہ بجلی کے منصوبے مختصر مدت میں مکمل کئے جاسکیں۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ نے محکمہ برقیات کو ہدایت کی کہ 100 میگاواٹ کے آئی یو، 80 میگاواٹ پھنڈر سمیت دیگر منصوبے جن کی فزیبلٹی مکمل ہوئی ہے ان منصوبوں کے ای او آئی کے ٹی او آرز کو جلد حتمی شکل دیں۔ ضلعی ہیڈکوارٹرز کیلئے منظور کئے جانے والے منصوبے کے تحت سمارٹ میٹرز اور اے بی سی کیبلز کی تنصیب کا عمل تیز کریں۔ خالد خورشید نے کہاکہ جن پاور پروجیکٹس میں ٹربائینز بہت پرانے ہونے کی وجہ سے مکمل بجلی پیدا کرنے میں دشواری درپیش ہے ان پاور ہاؤسز کے ٹربائینز تبدیل کرنے کیلئے سفارشات تیار کریں۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ محکمہ برقیات کی کارکردگی کو بہتر بنانے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر خصوصی ریفامز متعارف کرانے کیلئے کاغذی کارروائی کو حتمی شکل دیں۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بجلی چوری اور تجاوزات کے خاتمے کیلئے بڑے پیمانے پر آپریشن شروع کیا جائے، صوبائی سیکریٹری داخلہ اور آئی جی پی گلگت بلتستان محکمہ برقیات اور ضلعی انتظامیہ کیساتھ بھرپور تعاون کو یقینی بنائیں۔

وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے بلتستان کے صوبائی وزراء کی جانب سے چیف انجینئر اور ایس ای کی عدم تعیناتی کے حوالے سے شکایت کا نوٹس لیتے ہوئے 24گھنٹے میں بلتستان کیلئے چیف انجینئر اور ایس ای کے تعینات کے احکامات دیئے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سکردو میں بجلی بحران پر قابو پانے کیلئے 10 کروڑ کی گرانٹ ریلیز کی دی گئی ہے۔ تھرمل جنریٹرز کے ذریعے سکردو کے عوام کو بجلی فراہم کی جائے گی۔

وزیر اعلیٰ خالد خورشید نے کچورا اور چھوک پاور پروجیکٹس پر کام کی رفتار کو تیز کرنے کی بھی ہدایت کی۔ وزیر اعلیٰ نے سکردو میں گندم بحران پر قابو پانے کیلئے صوبائی وزراء اور انتظامیہ کی سفارشات کو سراہتے ہوئے صوبائی سیکریٹری خوراک کو ہدایت کی کہ سکردو میں دیگر اضلاع کے رہنے والوں کیلئے ان کے متعلقہ اضلاع سے گندم کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔ اجلاس میں صوبائی وزراراجہ ناصر، کاظم میثم، وزیر سلیم، کمشنر بلتستان اور متعلقہ محکموں کے نمائندوں نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔