آزادکشمیر بلدیاتی انتخابات کے تیسرے مرحلے میں بھی پی ٹی آئی کی برتری

میرپور ڈویژن کی 1083 نشستوں میں سے اب تک 131 کے غیرحتمی ںتائج موصول ہوگئے، تحریک انصاف 54 نشستوں کے ساتھ پہلے نمبر پر

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری جمعرات 8 دسمبر 2022 23:38

آزادکشمیر بلدیاتی انتخابات کے تیسرے مرحلے میں بھی پی ٹی آئی کی برتری
مظفر آباد(اُردو پوائنٹ، اخبار تازہ ترین، 8دسمبر 2022) آزادکشمیر بلدیاتی کے تیسرے مرحلے میں بھی پی ٹی آئی نے برتری حاصل کر لی۔میرپور ڈویژن کی 1083 نشستوں میں سے اب تک 131 کے غیرحتمی ںتائج موصول ہوگئے،تحریک انصاف 54 نشستوں کے ساتھ پہلے نمبر پرہے۔ جبکہ 33 نشستوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر آزاد امیدواروں نے کامیابی حاصل کی۔ ن لیگ کے 31 اور پیپلزپارٹی کے 13 امیدوار بھی کامیاب ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیر بلدیاتی انتخابات کے تیسرے اور آخری مرحلے کے سلسلے میں میرپور ڈویژن میں پولنگ کے بعد ووٹوں کی گنتی جاری ہے۔ بلدیاتی الیکشن کے تیسرے مرحلے میں میرپور،کوٹلی اوربھمبر میں انتخابات ہوئے، پولنگ کےد وران کہیں ہاتھا پائی ،کہیں تلخ کلامی اور کہیں دھکم پیل ہوئی۔

(جاری ہے)

میرپور میں پی ٹی آئی اور ن لیگ کے کارکن لڑپڑے، بھمبرمیں بلدیاتی امیدوار کے حامیوں اور پریزائیڈنگ افسر میں تلخ کلامی کے بعد کشیدگی ہوگئی جس کے بعد تین افراد کو گرفتار کرلیا گیا،کوٹلی میں بھی سیاسی جماعتوں کےکارکن آمنے سامنے آگئے۔

میر پور ڈویژن کے تینوں اضلاع میں 31 سال بعد ہونے والے بلدیاتی الیکشن میں شہری پرجوش نظر آئے، بزرگ شہری بھی ووٹ ڈالنے آئے۔ واضح رہے کہ میونسپل کارپوریشن کے وارڈز، میونسپل کمیٹی، ٹاؤن کمیٹی، ضلع کونسل اور یونین کونسل کی نشستوں پر انتخابات ہورہے ہیں۔ایک میونسپل کمیٹی 9 ٹاؤن کمیٹی پر مشتمل ہیں جبکہ ڈویژن میں ضلع کونسل کی 116 اور یونین کونسل کی 118 نشستیں ہیں۔الیکشن کمیشن کے مطابق میرپور ڈویژن میں کل ووٹرز کی تعداد 12 لاکھ 38 ہزار سے زائد ہے جبکہ 222 پولنگ اسٹیشن حساس ترین قرار دیے گئے ہیں۔