گریویٹی واٹر سپلائی اسکیم سے مینگورہ کے رہائشی اور کمرشل علاقوں میں پینے کے صاف پانی کا م مسئلہ مستقل بنیادوں پر حل ہو جائے گا،فضل حکیم

جمعہ 9 دسمبر 2022 20:30

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 دسمبر2022ء) چیئرمین ڈیڈیک سوات فضل حکیم خان یوسفزئی نے کہاہے کہ مینگورہ گریویٹی واٹر سپلائی اسکیم سے مینگورہ کے رہائشی اور کمرشل علاقوں میں پینے کے صاف پانی کا م مسئلہ مستقل بنیادوں پر حل ہو جائے گا، منصوبے کے لئے کنٹرکٹ ایوارڈ ہونا مینگورہ کے رہائشیوں کیلئے ایک ایم سنگِ میل ہے، منصوبے پر باقاعدہ کام کا آغاز کردیا گیا ہے، دہائیوں پر مشتمل ایک مسئلہ مستقل بنیادوں پر حل ہونے جارہا ہے، منصوبہ مینگورہ شہر اور ارد گرد آبادیوں کو اگلے تین دہائیوں تک صاف پانی فراہم کرے گا، صاف پانی کی فراہمی سے صحت مسائل کا بھی خاتمہ ہوگا، اس اہم منصوبے کی منظوری اور باقاعدہ کام آغاز ہونے پر وزیراعلی خیبرپختونخوا محمود خان کے نہایت مشکور ہیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا انہوں نے سیدوشریف میں پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ چیئرمین ڈیڈیک سوات فضل حکیم خان یوسفزئی نے کہاکہ منصوبے پر 26 ارب سے زائد مجموعی لاگت آئے گی، منصوبے میں واٹر ڈسٹریبیوشن سسٹم اور واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ شامل ہیں۔ انہوںنے کہاکہ منصوبہ 55000 واٹر کنکشن فراہم کرے گا، منصوبے میں مجموعی طور پر 472 کلومیٹر ڈسٹریبیوشن نیٹورک اور 18 نئے واٹر ٹینک شامل ہیں، 136 کینال پر بننے والے واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ میں 30 ایم جی ڈی ٹریٹمنٹ صلاحیت ہوگی۔

منصوبے کے تحت 48 انچ پائپ لائن بچھائی جائے گی اور فضا گٹ میں پلانٹ لگایا جائے گا جس سے شہری آبادیوں کو پانی فراہم کی جائے گی۔ ممبر صوبائی اسمبلی فضل حکیم خان یوسفزئی نے کہا کہ جدید تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ریپڈ گریویٹی فلٹرز ٹیکنالوجی، سولر انرجی اور واٹر میٹرنگ متعارف کی جارہی ہے جس سے صاف شفاف پانی بغیر کسی اضافی سپورٹ کے گھروں اور بالائی منزلوں تک پہنچ سکے گی جس سے گھروں میں بجلی کی بچت ہوگی اور لوڈ شیڈنگ کے باوجود آبادیوں کو پانی کی فراہمی بلا تعطل جاری رہے گی۔

پریس کانفرنس میں سوالوں کے جوابات دیتے ہوئے انہوںنے کہاکہ منصوبے پر 2014 میں سروے کا آغاز ہوا مگر چند ناگزیر وجوہات کی بنا کام کا آغاز نہ کیا جاسکا، 2018 میں حکومت دوبارہ قائم ہوئی تو وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کی سرپرستی اور دلچسپی کے باعث منصوبہ دوبارہ متعارف کیا گیا اور آج اللہ کے کرم سے منصوبے پر عملی کام کا آغاز ہوگیا ہے جو دسمبر 2023 میں مکمل ہوگا۔ انہوں نے واٹر گریویٹی منصوبے کو مینگورہ کے لئے سب سے اہم اور بڑا منصوبہ قرار دیا۔