بظاہرکراچی سٹیل ملزکی بحالی ممکن نہیں،اس کو فروخت کرکے ملنے والی رقم سے اسی طرح کی2 نئی سٹیل ملز لگاکر صنعتوں کو خام لوہا مہیاکیا جا سکتا ہے،صدر ایف سی سی آئی ڈاکٹر خرم طارق

پیر 2 جنوری 2023 14:10

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جنوری2023ء) ایوان صنعت وتجارت فیصل آباد کے صدرڈاکٹر خرم طارق نے کہا ہے کہ موجودہ صورتحال میں بظاہرکراچی سٹیل ملزکی بحالی ممکن نہیں،اس کو فروخت کرکے حاصل ہونے والی رقم سے اس قسم کی2 نئی سٹیل ملز لگاکر اندرون ملک صنعتوں کو ڈھلائی کیلئے خام لوہا مہیاکیا جا سکتا ہے۔یہ بات انہوں نے فیصل آبا د فونڈری اونرز ایسوسی ایشن کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران کہی جس میں فونڈری اور الائیڈ انجینئرنگ کے چیئرمین محمد اشفاق اشرف ، زرعی انجینئرنگ بارے قائمہ کمیٹی کے چیئرمین عطا اللہ، ایگزیکٹو ممبر حاجی عبدالرؤف، حاجی محمد اسماعیل، جلیل ملک، عبدالرزاق، ثنا اللہ، رضوان احمد، محمد عابد اور محمد یوسف بھی شامل تھے۔

صدرچیمبرنے فونڈری کو تمام صنعتوں کی ماں قرار دیا اور کہا کہ اِس کو ترقی دےکر ہی ترقی کی نئی راہیں کھولی جا سکتی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے ہارڈ کوک کی فراہمی کیلئے فوری اقدامات کے بارے میں کہاکہ چنیوٹ کے نزدیک سے بھی خام لوہے کے ذخائر دریافت ہوئے ہیں جن سے فائدہ اٹھانے کیلئے وہاں سٹیل مل لگانے کی ضرورت ہے۔ڈاکٹر خرم طارق نے کہا کہ امریکا کے شہر لوزینا کا سب سے بڑا کین کرشر پاکستان کا بنا ہوا ہے ،اگر ہمارے لوگ یہ تیار کر سکتے ہیں تو وہ دیگر مشینری بھی تیار کر کے دنیا کو برآمد کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کاروباری گروتھ اس لئے بھی ضروری ہے کہ آپ اپنا چالیس پچاس سال کا تجربہ نئی نسل کو منتقل کر سکیں، اس سلسلے میں فیصل آباد چیمبر الائیڈ انجینئرنگ سیکٹرکی ہر ممکن مدد کرنے کو تیارہے۔ اس سے قبل اشفاق اشرف نے بتایا کہ فیصل آباد میں زرعی آلات اور لال پمپ کے علاوہ ٹیکسٹائل سمیت سٹون کرشر مشینری کے پرزے تیار کئے جا رہے ہیں تاہم اس شعبے میں جدت نہیں لائی جا سکی۔

انہوں نے کہا کہ سٹیل ملز دس سال سے بند ہے جس کی وجہ سے خام مال کے حصول میں مشکلات درپیش ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ٹیکس میں چھوٹ اور خام مال کی فراہمی کیلئے آسانیاں پیدا کر کے فونڈری اور زرعی آلات بنا نے والی مقامی صنعت کے برآمدی پوٹینشل سے بھر پور فائدہ اٹھایاجا سکتا ہے تاہم اس کیلئے اس سیکٹر میں فوری اور جدید ٹیکنالوجی کی اشد ضرورت ہو گی۔ انہوں نے نئی ٹیکنالوجی کے حوالے سے کہا کہ پاکستان فونڈری اونرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عاصم قادری آئندہ ہفتے فیصل آباد آرہے ہیں ،اس دوران ان کی فیصل آباد چیمبر کے صدر سے ملاقات کرانے کی کوشش کی جائے گی۔ اس موقع پر نائب صدرفیصل آباد چیمبر حاجی محمد اسلم بھلی بھی موجود تھے۔