مکہ مکرمہ کے سرسبز پہاڑوں کی ویڈیو کی بے حد پذیرائی

پاکستان میں سعودی سفیر نواف المالکی کی شیئر کردہ ویڈیو کو 2 دن میں ایک لاکھ سے زائد ویوز مل گئے

اتوار 22 جنوری 2023 13:45

مکہ مکرمہ کے سرسبز پہاڑوں کی ویڈیو کی بے حد پذیرائی
مکہ مکرمہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جنوری2023ء) پاکستان میں خادم حرمین شریفین کے سفیر نواف المالکی کے ٹوئٹر اکانٹ پر پوسٹ کی گئی سپرنگ آف مکہ ویڈیو کو پاکستانی ٹویٹرز کی جانب سے زبردست ردعمل ملا ہے۔ صرف دو روز میں ویڈیوز کی ویوز ایک لاکھ سے بڑھ گئے ہیں اور ویڈیو کو چھ ہزار سے زیادہ مرتبہ لائیک کیا جا چکا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ویڈیو میں مکہ مکرمہ کے پہاڑوں کی اس خوبصورتی کو پیش کیا گیا ہے جب گذشتہ دنوں اور ہفتوں کے دوران شدید بارشوں کے بعد یہ پہاڑ سبز ہلالی ہو گئے تھے۔

مکہ مکرمہ کے پہاڑوں کے متعلق یہ مشہور تھا کہ طویل عرصہ سے ان پہاڑوں کی چٹانوں کا رنگ سیاہ ہو چکا ہے۔ تاہم اس کے باوجود پہاڑوں پر سبزہ اگ آیا ہے اور یہ اب یہ خوبصورت منظر پیش کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)


نواف المالکی کے ٹویٹ پر بڑی پیمانے پر لوگوں نے رد عمل دیا اور تبصرے کئے۔ سوشل میڈیا صارفین نے کہا مکہ مکرمہ پر یہ بارش اور ہریالی ایک برکت ہے اور خدا سے دعا ہے کہ وہ مقدس شہر اور اس کے لوگوں کی حفاظت کرے۔

ایک پاکستانی ٹوئٹر صارف نے کہا پاکستان کی طرف سے دنیا کے اس مقدس شہر کے لیے بہت زیادہ محبت۔ مجھے امید ہے کہ اللہ تعالی ہمیں اپنے لامتناہی خزانے سے برکت عطا فرمائے گا۔مزمل دیو نامی ایک اور صارف نے کہا کہ انشااللہ آج میں جدہ سے عمرہ کرنے جا رہا ہوں۔ سمیع الحق تورغر نے کہا مبارک اے قیمتی شہر ، اللہ اس شہر کو قائم و دائم رکھے۔ سبگتگین خان نے رد عمل دیا کہ ما شا اللہ، اللہ تعالی ایسی سر سبز و شاداب سرزمین کو محفوظ رکھے۔ آمین ۔