اینٹی نارکوٹکس فورس کی ملک بھر میں کارروائیاں ، بھاری مقدار میں منشیات برآمد

پیر 23 جنوری 2023 13:30

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جنوری2023ء) اینٹی نارکوٹکس فورس نے ملک بھر میں مختلف کارروائیوں کے دوران بھاری مقدار میں منشیات برآمد کرلیں۔ترجمان اے این ایف کے مطابق اسلام آباد موٹر وے ٹول پلازہ کے قریب کار سے 120 کلو افیون اور 60 کلو چرس برآمدکرکے خاتون سمیت 3 ملزمان گرفتار کرلیے گئے ۔راولپنڈی اولڈ ایئرپورٹ کے قریب واقع نجی کوریئر آفس میں کینیڈا کے لیے بک کروائے گئے پارسل سے 445 گرام ہیروئین برآمدکی گئی ۔

برآمدشدہ منشیات نمک کے ڈبوں میں چھپائی گئی تھی ۔ لاہور کوٹ لکھپت کے قریب واقع نجی کوریئر آفس میں امریکہ بھیجے جانے والے پارسل سے 880 گرام کیٹامائن برآمدکی گئی ۔ برآمدشدہ منشیات گفٹ اور صابن کے ڈبوں میں چھپائی گئی تھی۔سیالکوٹ ایئرپورٹ سے دبئی جانے والے ملزم کے بیگ سے 1 کلو 514 گرام ہیروئین برآمد گجرات کا رہائشی ملزم گرفتارکرلیاگیا ۔

(جاری ہے)

اے این ایف اور ایف سی نے بلوچستان تفتان میں مشترکہ کارروائی کرکے 350 کلو افیون اور 200 کلو چرس برآمد کرلی۔کچلاک روڈ کوئٹہ میں کارروائی کرتے ہوئے کار سے 54 کلو چرس برآمد نوشکی کا رہائشی ملزم گرفتارکیاگیا۔ زیرو لائن طورخم بارڈر کے قریب کارروائی کرتے ہوئے بھارتی ساختہ 17700 نشہ آور گولیاں برآمد ۔اے این ایف اور ایف سی نے خیبر میں 2 مشترکہ کارروائیاں کرکے پلاسٹک کے تھیلوں سے 52 کلو 500 گرام چرس اور 3 کلو 500 گرام آئس برآمدکرلی ۔

کراچی نارتھ ناظم آباد کے قریب کراچی کے رہائشی ملزم سے 10 کلو 800 گرام چرس برآمد کر لی ۔گرفتار ملزم دیگر مقدمات میں بھی مطلوب اشتہاری ملزم ہے۔ترجمان نے بتایاکہ تمام گرفتار ملزمان کیخلاف انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ۔