کوٹری میں مضرِصحت گٹکا تیار کرنے والی فیکٹری پر پولیس کا چھاپہ ، 5کروڑ سے زائد مالیت کا خام و تیار مال برآمد

منگل 24 جنوری 2023 21:20

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جنوری2023ء) کوٹری میں مضرِصحت گٹکا تیار کرنے والی فیکٹری پر پولیس نے چھاپہ مار کر 5کروڑ سے زائد مالیت کا خام و تیار مال برآمد کرلیا ۔ ایک خفیہ اطلاع پرضلع جام شورو کے ایس ایس پی عمران قریشی کی ہدایت پر پولیس نے کوٹری کے صنعتی علاقہ میں ایک فیکٹری پر چھاپہ مارا جہاں مبینہ طور پر نشہ آور اور مضرِ صحت گٹکا اور چھالیہ کی پڑیاں تیار کی جارہی تھیں ۔

پولیس کے مطابق یہ فیکٹری بینک ڈیفالٹ کے بعد مالک نے حیدرآباد میں کسی کو فروخت کردی تھی اور خاصے عرصے سے بند پڑی تھی، جہاں مبینہ طور پر کچھ افراد نے بچوں کے کھلونے تیار کرنے کا کارخانہ لگالیا اور اسے ویئر ہاؤس کے طور پر بھی استعمال کیا جانے لگا لیکن یہاں نشہ آور اور مضر صحت سپاری کے ساشے تیار کئے جاتے تھے ۔

(جاری ہے)

ایس ایس پی جام شورو عمران قریشی کے مطابق فیکٹری میں ایک بڑی کاروائی کی گئی ہے جہاں سے5کروڑ روپے سے زائد کی تیار سپاری ،خام مال اور دیگر اہم اشیاء برآمد کی گئی ہیں ۔

چھاپہ کے بعد ایس ایس پی کے ہمراہ ڈی آئی جی حیدرآباد رینج سید پیر محمد شاہ نے فیکٹری کا دورہ کیا ۔اس موقع پر میڈیاگفتگو کرتے ہو ئے انہوں نے کہا کہ پولیس کی یہ ایک بڑی کاروائی ہے تاہم اسکی ابھی تحقیقات کی جائے گی کہ اس کام میں کون کون ملوث ہے اور فیکٹری کا اصل مالک کون ہے ،یہاں مضر صحت سپاری و چھالیہ تیار کی جا رہی تھی ۔علاوہ ازیں پولیس نے فیکٹری کو سیل کردیا ہے اور اسکا چوکیدار فرار ہو گیا ہے ۔

متعلقہ عنوان :