چودھری وجاہت جیسے سینئر سیاستدان اور ان کے بیٹے پر بے بنیاد مقدمہ درج کرنا قابل مذمت ہے‘پرویزالٰہی

ہمارے ساڑھے پانچ ماہ کے دور حکومت میں کسی ایک سیاسی کارکن کے خلاف انتقامی کارروائی نہیں کی گئی‘ سابق وزیر اعلیٰ

بدھ 25 جنوری 2023 23:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جنوری2023ء) سابق وزیراعلی پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ ہمارے ساڑھے پانچ ماہ کے دور حکومت میں کسی ایک سیاسی کارکن کے خلاف انتقامی کارروائی نہیں کی گئی، جس طرح چودھری وجاہت حسین جیسے سینئر سیاستدان اور ان کے بیٹے موسی الہی پر بے بنیاد مقدمہ درج کیا گیا وہ قابل مذمت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ن لیگ کی قیادت انتقام کی سیاست پر یقین رکھتی ہے، سانحہ ماڈل ٹائون سے بھی انہوں نے سبق نہیں سیکھا، شریف جب بھی اقتدار میں آتے ہیں تو رانا ثنا اللہ اور عطا اللہ تارڑ جیسے لوگ چوزوں کی طرح پھدکنا شروع کر دیتے ہیں، شریفوں کی تاریخ اپنے مخالفین کے خلاف ایسی انتقامی کارروائیوں سے بھری ہوئی ہے۔

چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ پنجاب پولیس نے 16 اپریل کو جس طرح ارکان پنجاب اسمبلی پر ایوان کے اندر بدترین تشدد کیا دنیا میں اسکی مثال نہیں ملتی، ارکان اسمبلی پر تشدد میں ملوث سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ اور سابق آئی جی پنجاب کو ہم بھولیں گے نہیں، نہ ہی ہم 16 اپریل اور 25 مئی کے واقعات کو بھولے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ شریفوں کے ظلم کی سیاہ رات الیکشن کمیشن کی وجہ سے صرف ڈھائی ماہ کی بچہ سکے کی حکومت ہے پھر ان کے تمام غیر قانونی اقدامات کا حساب ہو گا۔