نگران وزیراعلیٰ پنجاب اوروفاقی وزیر نارکوٹکس کی زیر صدارت اجلاس ، منشیات کی خرید وفروخت میں ملوث عناصر کیخلاف کریک ڈائون کافیصلہ

جمعرات 26 جنوری 2023 21:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جنوری2023ء) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی اوروفاقی وزیر نارکوٹکس نوابزادہ شاہ زین بگٹی کی زیر صدارت وزیراعلیٰ آفس میں اعلیٰ سطح کااجلاس منعقدہوا، اجلاس کے شرکاء نے تعلیمی اداروں میں منشیات کے بڑھتے استعمال پر گہری تشویش کااظہارکیا۔اجلاس میں منشیات کی خرید وفروخت میں ملوث عناصر کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈائون اور منشیات کے عادی افراد کی بحالی کیلئے 2سنٹرز بنانے کافیصلہ کیاگیا۔

اجلاس میں نئی نسل کو منشیات کی لعنت سے بچانے کے لئے مشترکہ حکمت عملی کے تحت موثراقدامات اٹھانے اور پنجاب حکومت و اینٹی نار کوٹکس فورس کے درمیان مربوط حکمت عملی کے تحت مشترکہ اقدامات اٹھانے پربھی اتفاق کیاگیا۔ نگران وزیراعلیٰ نے اجلا س سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ تعلیمی اداروں کے باہر او رآن لائن منشیات فروخت کرنے والوں کے خلاف کریک ڈائون کیاجائے گا۔

(جاری ہے)

پنجاب حکومت اور اینٹی نارکوٹکس فورس مل کر منشیات کی روک تھام کے لئے بھرپور کریک ڈائون کریں گے۔نئی نسل کو منشیات سے بچانے اورتعلیمی اداروں میں منشیات فروشی پرزیرو ٹالرنس پالیسی اختیار کی جائے گی۔انہو ں نے کہاکہ منشیات کی سمگلنگ اور بین الصوبائی نقل و حمل روکنے کے لئے سخت اقدامات کئے جائیں گے-منشیات کا کالا دھندہ کرنے والے انسانیت کے قاتل ہیں۔

کسی کو قوم کا مستقبل تباہ کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔نوجوان نسل کی رگوں میں زہر گھولنے والوں کے خلاف بلاتفریق کارروائی ہوگی۔پنجاب حکومت اینٹی نارکوٹکس فورس کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھے گی۔منشیات سے پاک معاشرے کیلئے سب کو مل کر جدوجہد کرنی ہے۔نئی نسل کو منشیات سے بچانا جہاد کے مترادف ہے۔ چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان،ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ کیپٹن(ر) اسد اللہ خان،انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور،سی سی پی او لاہور بلال کمیانہ، سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن، سیکرٹری سکول ایجوکیشن، سیکرٹری ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن، اے این ایف لاہور کے حکام اوراعلیٰ افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔

قبل ازیں نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی سے وفاقی وزیر نارکوٹکس نوابزادہ شاہ زین بگٹی نے ملاقات کی اورانہیں وزارت اعلیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی ۔ شاہ زین بگٹی نے ان کے لئے نیک خواہشات کا اظہارکیا۔نوابزادہ شاہ زین بگٹی نے کہاکہ امید ہے کہ آپ اپنی ذمہ داری آئین کے مطابق احسن طریقے سے سر انجام دیں گے ۔