eمناظرے نہیں، ملکر معیشت ٹھیک کی جائے،محمد فائق شاہ

ؔ الزامات، بداخلاقی اور فساد برپا کرنے کے بجائے ملک میں سیاسی استحکام لایا جائے‘ چیئرمین امن ترقی پارٹی

اتوار 29 جنوری 2023 19:20

gپشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 جنوری2023ء) چیئرمین امن ترقی پارٹی محمد فائق شاہ نے کہا کہ چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر عوام سیاست دانوں اور اداروں سے مایوس اور بیزار ہو رہے ہیں، سیاست میں الزامات، بداخلاقی اور فساد کے علاوہ کچھ نہیں رہا رسہ کشی کی بجائے، سب کو رسی سے باندھ کر مذاکرات کی میز پر لایا جانا چاہیے کیونکہ سیاست کی وجہ سے ریاست خطرے میں ہے، محمد فائق شاہ نے کہا کہ منی بجٹ، آئی ایم ایف کی شرائط اور بڑے لوگوں کا ٹیکس نہ دینا بڑے مسائل ہیں جس کا خمیازہ غریب اور متوسط طبقہ بھگت رہا ہے، ملکی زراعت، صنعت اور تجارت کو تباہ کیا گیا ہے جس کی وجہ سے اشیائے خوردونوش، کی قیمتیں آسمان پر پہنچ گئی ہیں، بے روزگاری بڑھ گئی ہے، کوئی حل دینے اور اس پر کام کرنے کی بجائے، وزیر خزانہ جیسا زمہ دار فرد کہہ رہا ہے کہ ’’پاکستان کا خدا ہی حافظ ہے‘‘ اس سے بڑی عوام کیلئے تباہی کیا ہوگی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن ایک میز پر بیٹھ کر مسائل کا حل نکالیں ورنہ حالات بہت خراب ہوں گے، امن ترقی پارٹی چاہتی ہے کہ سیاسی استحکام کیلئے ہر جماعت اپنا مثبت کردار ادا کرے صدر اور وزیر اعظم اس سلسلے میں کردار ادا کر سکتے ہیں، وہ کھل کر سب کو مذاکرات کی دعوت دیں تاکہ ایک رواداری کے فروغ میں مدد ملے پارلیمنٹ بے اثر کر دی گئی ہے یہ کام اب صدر، وزیر اعظم اور تمام اداروں کے سربراہوں کو مل کر کرنا چاہیے تاکہ اصلاحات، معیشت کی بہتری اور شفاف انتخابات کی راہ ہموار ہوسکے اس ماحول میں ہونے والے الیکشن پر پھر انگلیاں اٹھیں گی معاشی عدم استحکام مزید بڑھ جائے گا۔