ایشیائی ممالک کیلئے تیل کی قیمتوں میں کمی کا امکان

سعودی عرب کی جانب سے مارچ میں ایشیا کو بیچے جانے والے خام تیل کے لیے قیمتوں کو کم کرنے پر غور

muhammad ali محمد علی بدھ 1 فروری 2023 01:31

ایشیائی ممالک کیلئے تیل کی قیمتوں میں کمی کا امکان
ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 31 جنوری2023ء) ایشیائی ممالک کیلئے تیل کی قیمتوں میں کمی کا امکان سعودی عرب کی جانب سے مارچ میں ایشیا کو بیچے جانے والے خام تیل کے لیے قیمتوں کو کم کرنے پر غور۔ تفصیلات کے مطابق دنیا کا سب سے بڑا تیل برآمد کنندہ سعودی عرب مارچ میں ایشیا کو بیچے جانے والے خام تیل کے لیے قیمتوں کو کم کر سکتا ہے، جس کی وجہ کروڈ کا کم فزیکل پریمیم ہے ، کیونکہ چین میں طلب کی بحالی کی توقعات کے باوجود ضرورت سے زیادہ سپلائی کے خدشات برقرار ہیں۔

برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے چار ریفائننگ ذرائع کے سروے میں بتایا گیا ہے کہ سرکاری تیل کمپنی سعودی آرامکو مارچ میں لوڈنگ کارگوز کے لیے ایشیائی کلائنٹس کے لیے اپنے فلیگ شپ عرب لائٹ کروڈ کی سرکاری فروخت کی قیمت تقریباً 30 سینٹ کم کر سکتی ہے۔

(جاری ہے)

اس سے مجموعی فرق تقریباً 1.50 ڈالر فی بیرل تک کم ہو جائے گا جو پلیٹس دبئی اور دبئی مرکنٹائل ایکسچینج کے عمان کوٹس کی اوسط سے زیادہ ہے، جو نومبر 2021 کے بعد سب سے کم ہے۔

تیل کے سب سے بڑے درآمد کنندہ چین میں ایندھن کی طلب میں بحالی کا امکان ہے کیونکہ بیجنگ نے صفر کووڈ کی سخت حکمت عملی کو واپس لے لیا، حالانکہ ملک میں انفیکشن کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر بحالی کا راستہ مشکل ہو سکتا ہے۔ دوسری جانب عالمی منڈی میں خام تیل کے نرخوں میں گراوٹ کا عمل جاری ہے جس کی بڑی وجہ امریکی اور یورپی سنٹرل بینک کی جانب سے شرح سود میں اضافہ کے امکانات اور چین کی طرف سے کروڈ کی طلب کی بحالی نہ ہونا ہے۔

سنگا پور مرکنٹائل ایکس چینج میں نیویارک مین کنٹریکٹ کے تحت مارچ میں برینٹ کروڈ کی سپلائی کے سودے 5 سینٹ کی کمی کے ساتھ 84.85 ڈالر فی بیرل جبکہ اپریل میں سپلائی کے سودے 32 سینٹ کی کمی کے ساتھ 84.18 ڈالر فی بیرل پر بند ہوئے اسی طرح یو ایس ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ کروڈ کی سپلائی 33 سینٹ کی کمی کے ساتھ 77.57 ڈالر فی بیرل پر بند ہوئے ۔سرمایہ کاروں کو توقع ہے کہ یو ایس فیڈرل ریزرو بدھ کے روز شرح سود میں 25 بیسس پوائنٹس کا اضافہ کرے گا،اس سے اگلے دن بینک آف انگلینڈ اور یورپی سنٹرل بینک کی جانب سے شرح سود میں نصف پوائنٹ کے اضافے کا امکان ہے۔ بلند شرحیں عالمی معیشت کو سست اور تیل کی طلب کو کمزور کر سکتی ہیں۔