بحرین و امارات ڈرائیوروں کی ٹریفک خلاف ورزی کا ڈیٹا شیئر کریں گے

دونوں ممالک کو جوڑنے والے نظام کو خلیج تعاون کونسل منصوبے کے ساتھ لاگو کیا گیا

Sajid Ali ساجد علی بدھ 1 فروری 2023 16:53

بحرین و امارات ڈرائیوروں کی ٹریفک خلاف ورزی کا ڈیٹا شیئر کریں گے
ابوظہبی/منامہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 01 فروری 2023ء ) متحدہ عرب امارات اور بحرین ڈرائیوروں کے ٹریفک کی خلاف ورزی کا ڈیٹا شیئر کریں گے۔ خلیجی میڈیا کے مطابق دونوں ممالک کے حکام نے اعلان کیا ہے کہ متحدہ عرب امارات اور بحرین کے درمیان ٹریفک کے نظام کو جوڑنے اور ڈرائیوروں کی جانب سے ٹریفک کی خلاف ورزیوں کے بارے میں معلومات کے تبادلے کو قابل عمل بنانے کے لیے ایک نیا منصوبہ شروع کیا گیا ہے، اس حوالے سے دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ سکیورٹی کمیٹی کی میٹنگ منعقد ہوئی، حکام نے بتایا کہ دونوں ممالک کے درمیان ٹریفک کے سسٹم کو جوڑنے کا نظام مکمل کر لیا گیا ہے اور ایک مربوط جی سی سی منصوبے کے تحت شروع کیا گیا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ یہ اقدام دونوں ممالک کی کمیٹیوں اور تکنیکی کام کی ٹیموں کے درمیان نیٹ ورکس کے انتخاب، خدمات کو منسلک کرنے کے لیے دستاویزات و تقاضوں کے تبادلے اور نظام کو پائلٹ کرنے کے سلسلے میں کئی میٹنگز کے بعد ہوا، جس کے نتیجے میں افتتاحی مرحلہ 31 جنوری کو مکمل ہوا، جس میں سمارٹ خدمات کا اضافہ کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

حکام سے معلوم ہوا ہے کہ نئے نظام کا مقصد جی سی سی معاشروں کے معیار زندگی کو بڑھانا ہے، میٹنگ کے دوران حکام نے پولیس کے شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے طریقوں اور خلیجی اقدام کے تحت جی سی سی کے تمام ممالک کو اس مقصد کے لیے تکنیکی نظام کے ساتھ منسلک کرنے کے لیے ٹریفک جرمانے کو جوڑنے کے منصوبے پر تبادلہ خیال کیا، میٹنگ میں ضابطوں کو فعال کرنے اور مجرمانہ نظام کو جوائنٹ لنک کرنے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔