لاہور پولیس شہریوں کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکام، چوری، ڈکیتی کی وارداتیں جاری

24گھنٹوں کے دوران شہر میں مختلف جرائم کی 401وارداتیں رپورٹ

جمعہ 3 فروری 2023 20:39

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 فروری2023ء) لاہور پولیس شہریوں کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکام، شہر میں ڈکیتی و راہزنی کی وارداتیں بدستور جاری، 24گھنٹوں کے دوران شہر میں مختلف جرائم کی 401وارداتیں رپورٹ ہوئیں۔بتایا گیا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں راہزنی کی 7، موٹرسائیکلیں چھیننے کی 7 ،کارچوری کی ایک ،موٹرسائیکلیں چوری ہونے کی 74 جبکہ نقب زنی کی 3اور متفرق چوری کی 308وارداتیں ہوئیں۔

(جاری ہے)

پولیس ریکارڈ کے مطابق نواب ٹائون میں ریحان امجد سے ڈاکوئوں نے اسلحہ کے زور پر موٹرسائیکلیں اور موبائل فون چھین لیا۔مناواں میں چور تالے توڑ کر مبارک علی کے گھر سے 13لاکھ 75ہزار مالیت کے طلائی زیورات اور نقدی لے اڑے ۔رائیونڈ میں چور خالد اعوان کے زیر تعمیر گھر سے 11لاکھ 30ہزار مالیت کا بجلی اور سینٹری کا سامان لے اڑے ۔ رائیونڈ میں چور مبین اسلم کی دکان کے تالے تور کر 22لاکھ 4ہزار مالیت کے سگریٹ ، گھی اور دیگر سامان لے اڑے ۔گارڈن ٹائون میں چوروں نے تنویر عباس کی گاڑی چور ی کر لی۔شاہدرہ سے ذیشان ، رنگ محل سے زاہد حسین ، اسلامپورہ سے نعمان ،لیاقت آباد سے شہباز، کاہنہ سے مسعود الحسن ، ساندہ سے عدیل نوید کی موٹرسائیکلیں چوری ہو گئیں۔