دبئی میں 32 ملین درہم کی منشیات فروخت کرنے کی کوشش ناکام ،پولیس نے 3 گینگز پر مشتمل 28 افراد کو گرفتار کر لیا

جمعہ 3 فروری 2023 22:30

دبئی میں 32 ملین درہم کی منشیات فروخت کرنے کی کوشش ناکام ،پولیس نے 3 گینگز ..
دبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 فروری2023ء) دبئی میں 32 ملین درہم مالیت کی منشیات فروخت کرنے کی کوشش کے الزام میں 28 افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔خلیج ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق دبئی پولیس نے 3 ایسے گروہوں کا سراغ لگایا جو 111 کلوگرام منشیات فروخت کرنے کا منصوبہ بنا رہے تھے جس کی مالیت 32 ملین درہم بنتی ہے۔پولیس کی تین الگ الگ کارروائیوں میں 3 گینگ پکڑے گئے۔

حکام کے مطابق تینوں گروہوں میں مختلف ممالک کی شہریت رکھنے والے ملزم شامل ہیں جنہیں پولیس نے جمعے کے روز حراست میں لے لیا۔بڑے پیمانے پر برآمد کی گئی منشیات میں نصف ملین سے زائد 99 کلو گرام کیپٹاگون گولیاں، 12 کلو گرام کرسٹل میتھ،ہیروئن اور بھنگ شامل ہے۔پولیس کے مطابق صرف کیپٹاگون گولیوں کی مالیت 31 ملین درہم ہے۔

(جاری ہے)

اس سے قبل رواں ہفتے ہی خلیج عمان سے 33 ملین ڈالر مالیت کی منشیات سمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی گئی تھی۔

مقامی میڈیا کے مطابق عالمی کوسٹ گارڈ کے ایک جہاز نے خلیج عمان میں جانے والے ماہی گیری کے جہاز سے 33 ملین امریکی ڈالر کی کل مالیت کی منشیات ضبط کرلی، منشیات کی یہ کھیپ اس وقت پکڑی گئی جب کوسٹ گارڈ کا جہاز گشت کر رہا تھا، کوسٹ گارڈ نے اس کارروائی کے نتیجے میں اسمگلروں کے جہاز سے 4 ہزار کلو گرام چرس اور 512 کلو گرام میتھیم فیٹامین قبضے میں لے لی۔

بتایا گیا ہے کہ یونائیٹڈ کنگڈم رائل نیوی کی قیادت میں یہ 2023ئ میں سی ایم ایف کے لیے منشیات کی ضبطگی کا پہلا واقعہ ہے، اس حوالے سے سی ٹی ایف 150 کے کمانڈر یو کے رائل نیوی کیپٹن جیمز بائرن نے کہا کہ یہ غیرقانونی سرگرمیوں اور منشیات کی سمگلنگ کو روکنے کے لیے خطے میں میری ٹائم سکیورٹی آپریشنز کی فراہمی کے لیے ہمارے کام کا آغاز ہے، یہ CTF 150 اور کمبائنڈ میری ٹائم فورسز میں تمام شراکت دار ممالک کے درمیان قابل قدر شراکت داری کے نتیجے میں سامنے آیا۔