بحرین میں رمضان المبارک میں طلباء کی آن لائن کلاسز کی منظوری

فیصلے سے طالب علموں کو ٹریفک کی پریشانیوں کو کم کرنے کے علاوہ آرام دہ ماحول فراہم ہوگا

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 4 فروری 2023 14:54

بحرین میں رمضان المبارک میں طلباء کی آن لائن کلاسز کی منظوری
منامہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 04 فروری 2023ء ) خلیجی ملک بحرین نے رمضان المبارک کے دوران طلباء کے لیے ریموٹ لرننگ کی منظوری دے دی، جس سے طالب علموں کو ماہ صیام میں ٹریفک کی پریشانیوں کو کم کرنے کے علاوہ آرام دہ ماحول فراہم کرے گا۔ گلف نیوز کے مطابق بحرین کے اسکول رمضان المبارک میں ریموٹ لرننگ میں تبدیل ہو سکتے ہیں، اس سلسلے میں بحرین کی کونسل آف ریپریزنٹیٹوز نے رمضان المبارک میں گھر سے آن لائن کلاسز کے لیے مالیاتی اور اقتصادی امور کی کمیٹی کے نائب چیئرمین محمد الرفاعی کی قیادت میں ایک تحریک کی منظوری دی ہے۔

بتایا گیا ہے کہ دنیا بھر کی طرح بحرین میں بھی آن لائن تعلیم کی طرف تبدیلی پہلی بار 2020ء میں وبائی مرض کورونا کے ردعمل کے طور پر متعارف کرائی گئی تھی، اس کے بعد سے یہ طالب علموں کے لیے ریموٹ لرننگ ایک انتخاب کے طور پر دستیاب کر دیا گیا تاہم پچھلے سال اگست میں ذاتی طور پر بچوں کی اسکولوں میں واپسی ہوگئی۔

(جاری ہے)

الرفاعی کا کہنا ہے کہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں گھر سے تعلیم کی طرف جانے سے نا صرف ٹریفک کے ہجوم میں کمی آئے گی بلکہ طلباء کو سیکھنے کا ایک آرام دہ ماحول بھی ملے گا، اس سے خاص طور پر انہیں روزے کے دوران پرسکون انداز میں تعلیم جاری رکھنے میں انتہائی آسانی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ بحرین نے پہلے ہی ایک مضبوط آن لائن تعلیم کا تجربہ فراہم کرنے کی اپنی صلاحیت کو ثابت کر دیا ہے اور یہ اقدام صرف رمضان کے دوران طلباء کے سیکھنے کے تجربے میں اضافہ کرے گا، آن لائن تعلیمی اقدام نجی اور سرکاری دونوں اداروں کے لیے کھلا ہے اور طلباء کو اسی معیار کی تعلیم تک رسائی حاصل ہوگی جیسا کہ وہ روایتی کلاس روم سیٹنگ میں حاصل کرتے ہیں۔

یہاں قابل ذکر بات یہ ہے کہ فلکیاتی حسابات کے تحت خلیجی ممالک میں مقدس مہینے کا آغاز 23 مارچ (جمعرات) کو ہوگا اور 20 اپریل (جمعرات) کو رمضان المبارک کا اختتام ہوجائے گا، عرب یونین برائے فلکیات اور خلائی سائنسز (AUASS) کے رکن امارات فلکیات سوسائٹی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین ابراہیم الجروان نے توقع ظاہر کی ہے کہ رمضان المبارک 23 مارچ سے شروع ہو کر 29 دنوں تک جاری رہے گا، روزے کے اوقات تقریباً 14 گھنٹے تک پہنچ جائیں گے، اور مہینے کے آغاز سے آخر تک تقریباً 40 منٹ کا فرق ہوگا۔