خیبرپختونخوا پولیس نے ٹانک میں پولیس پوسٹ پر دہشت گردوں کا حملہ پسپا کردیا

فائرنگ 10 سے 12 منٹ تک جاری رہی، علاقے کے لوگ پولیس کی مدد کو پہنچ گئے تاہم فائرنگ کے واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری اتوار 5 فروری 2023 23:40

خیبرپختونخوا پولیس نے ٹانک میں پولیس پوسٹ پر دہشت گردوں کا حملہ پسپا ..
ٹانک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 05 فروری2023ء) خیبرپختونخوا پولیس نے ٹانک میں پولیس پوسٹ پر دہشت گردوں کا حملہ پسپا کردیا۔ پولیس حکام کے مطابق فائرنگ 10 سے 12 منٹ تک جاری رہی، علاقے کے لوگ پولیس کی مدد کو پہنچ گئے تاہم فائرنگ کے واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ انسپکٹر جنرل (آئی جی) پولیس معظم جاہ انصاری کا کہنا تھاکہ ٹانک پولیس نے دہشت گردوں کا مقابلہ کیا اور حملہ پسپا کیا۔

ان کا کہنا تھاکہ خیبر پختونخوا پولیس مستعد اور بیدار ہے اور صوبے میں ریڈ الرٹ ہے۔ آئی جی نے فون پر دہشت گرد حملہ پسپا کرنے والے جوانوں کی حوصلہ افزائی کی۔ واضح رہے کہ خیبرپختونخوا کے انسپکٹر جنرل (آئی جی) پولیس معظم جاہ انصاری نے تصدیق کی ہےکہ پولیس لائنز دھماکے کا کیس ٹریس ہوگیا اور ہیلمٹ سے ملنے والے سر کے بال حملہ آور کے ڈین این اے سے میچ کرگئے۔

(جاری ہے)

جیو نیوز کو انٹرویو میں آئی جی کے پی نے بتایا کہ حتمی طورپرکہہ سکتا ہوں دھماکا خودکش بمبار نے کیا، خودکش بمبار تیسری یا چوتھی صف میں بیٹھا تھا۔ انہوں نے کہا کہ خودکش حملہ آور کے سرکو باڈی سے دوبارہ جوڑا گیا، ٹی این ٹی سمیت ہائی ایکسپولسیو دھماکاخیزمواد استعمال کیا گیا۔ خیال رہے کہ 30 جنوری کو پولیس لائنز مسجد کے پرانے مین ہال میں خودکش دھماکا ہوا تھا جس کے نتیجے میں پولیس افسران و اہلکاروں سمیت 84 افراد شہید ہوئے تھے۔