سرکاری اراضی الاٹمنٹ : شعیب صدیقی سمیت دیگر ملزمان کی عبوری ضمانت میں 7 مارچ تک توسیع

منگل 21 فروری 2023 20:11

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 فروری2023ء) سابق صوبائی وزیر علیم خان اور شعیب صدیقی کیخلاف سرکاری اراضی الاٹمنٹ کا الزام میں اینٹی کرپشن کورٹ نے شعیب صدیقی سمیت دیگر ملزمان کی عبوری ضمانت 7 مارچ تک توسیع کر دی اور آئندہ سماعت پر تفتیشی افسر کو تفتیشی رپورٹ پیش کرنے کا آخری موقع دیا۔ سپیشل جج اینٹی کرپشن کورٹ خالد محمود بھٹی نے سابق اہم پی اے شعیب صدیقی کی عبوری ضمانت پر سماعت کی۔

عدالت نے شعیب صدیقی سمیت دیگر کی عبوری ضمانت 7 مارچ تک توسیع کر دی۔ اینٹی کرپشن کے تفتیشی افسر نے رپورٹ پیش کرنے کیلئے مہلت طلب کی عدالت نے تفتیشی افسر کو رپورٹ پیش کرنے کا آخری موقع دے دیا سابق ایم پی اے شعیب صدیقی اور دیگر حاضری کیلیے پیش ہوئے۔ شعیب صدیقی نے کہا سابق حکومت نے سیاسی انتقام کا نشانہ بنانے کیلئے ہم پر جھوٹے مقدمات بنائے جن لوگوں نے ہم پر مقدمات بنائے آج وہ خود چھپتے پھر رہے ہیں امید ہے ہمیں انصاف ملے گا۔

(جاری ہے)

شعیب صدیقی کی جانب سے آفتاب مصطفی اورعزیر ساجد ایڈووکیٹ پیش ہوئے۔ شعیب صدیقی سمیت دیگر پر 55 کنال سرکاری اراضی پارک ویو میں شامل کرنے کا الزام ہے۔ اینٹی کرپشن حکام نے پارک ویو کے مالک علیم اور چیف ایگزیکٹو شعیب صدیقی سمیت دیگر کیخلاف مقدمہ درج کر رکھا ہے مقدمہ میں لیگی رہنما علیم خان، بیگم کرن علیم، دخترزینب علیم خان، شعیب صدیقی، شفقت نیاز، محمد عاطف افتخار، پٹواری محمد اصغر اور سب انجینئر محکمہ انہار جاوید شہباز نامزد ہیں۔