کرک ، کبانڈہ داؤدشاہ میں پولیس نے دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر مقدمہ درج کرلیا

منگل 28 فروری 2023 22:02

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 فروری2023ء) کرک کی تحصیل بانڈہ داؤدشاہ میں پولیس نے پاکستان تحریک انصاف کے سابق ایم این اے اور ضمنی انتخابات میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 34 سے اٴْمیدوار شاہد خٹک اور تحصیل مئیر اور پی ٹی آئی ضلعی صدرعنایت اللہ سمیت ایک درجن کے لگ بھگ ضلعی رہنماؤں اور ورکروںکے خلاف دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے پر مقدمہ درج کرلیا۔

گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف نے تحصیل بانڈہ داؤدشاہ کے علاقہ احمدی بانڈہ میں ضمنی انتخابات کے سلسلہ میں پارٹی ورکرز کنونشن کے نام سے ایک بہت بڑا جلسہ کرکے پاور شو کا انعقاد کیا تھا جس سے سابق ایم این اے اور ضمنی انتخابات میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 34 کرک سے اٴْمیدوار شاہد خٹک‘ تحصیل بانڈہ داؤدشاہ کے مئیر اور پی ٹی آئی کے ضلعی صدر عنایت اللہ خٹک سمیت درجنوں مقامی رہنماؤں اور ورکروں نے خطاب کیا تھا ۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق پی ٹی آئی رہنما اور ورکرز ضلع بھر میں نافذ دفعہ 144 کے تحت جلسہ جلوس کرنے پر پابندی کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے جس پر پولیس تھانہ بانڈہ داؤدشاہ کے ایس ایچ او رشید اللہ کی مدعیت میں مقدمہ درج کردیا گیا۔ درج ایف آئی آر میں سابق ایم این اے شاہد خٹک‘ تحصیل مئیر اور پی ٹی آئی کے ضلعی صدرعنایت اللہ‘ کرک سٹی مئیر عظمت خٹک‘ ثناء اللہ شاہ‘ میجر سجاد بارکوال‘ خورشید خٹک اورطاہرعظیم سمیت ایک درجن کے لگ بھگ افراد کے ناموں کا ذکر کرتے ہوئے اٴْن کے خلاف پا کستان پینل کوڈ 188کے تحت مقدمہ درج کردیا گیاہے۔ادھر پی ٹی آئی کے رہنماؤں نے انتظامیہ کی طرف سے ایف آئی ار کے اندراج پر سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔