محکمہ زراعت کی کاشتکاروں کو موسم گرماکی سبزیوں کی کاشت مکمل کرنے کی ہدایت

ہفتہ 18 مارچ 2023 15:44

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 مارچ2023ء) محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کو موسم گرماکی سبزیوں کی کاشت مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہاہے کہ کاشتکار کالی توری، بھنڈی توری، بینگن، ٹماٹر، سبز مرچ، شملہ مرچ، تر، کھیرے،کریلے، گھیاکدو، چپن کدوکی کاشت مکمل کرلیں نیز ٹماٹر و مرچ کی کاشت بذریعہ پنیری کی جائے اور اس پنیری کو پٹڑیوں پر کاشت کیاجائے جبکہ کریلے، گھیاکدو، چپن کدو، گھیاتوری، تر، کھیرے کی کاشت پٹڑیوں کی ایک جانب اور بھنڈی توری کی کاشت پٹڑیوں کی دونوں جانب کرکے بہتر پیداوار حاصل کی جاسکتی ہے۔

ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ زراعت توسیع فیصل آباد خالد محمودنے بتایاکہ موسم گرما کی سبزیاں 20سے 35ڈگری سینٹی گریڈ کے دوران بہترین نشو ونما پاتی ہیں جبکہ اس سے زیادہ یاکم درجہ حرارت موسم گرماکی سبزیوں کی افزائش نسل کو متاثر کرتاہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ سبزیوں کی کاشت کیلئے اچھے نکاس والی نامیاتی مادوں کی حامل ذرخیز میرازمین انتہائی موزوں ہے۔ انہوں نے کہاکہ سبزیوں کی کاشت سے قبل کھیت میں گوبر کی گلی سڑی کھاد بکھیر کر اسے زمین میں مکس کرنے کے بھی انتہائی مفید نتائج حاصل ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کاشتکار سبزیوں کی منظور شدہ اقسام کا معیاری بیج استعمال کریں تاکہ کیڑے مکوڑوں اور بیماریوں کے خلاف بھرپور قوت مدافعت کے باعث انہیں اچھی فصل حاصل کرنے میں مدد مل سکے۔

متعلقہ عنوان :