گورنمنٹ ڈگری کالج انوار شریف میں تقریری مقابلہ کا انعقاد ،طلبہ و طالبات نے دیے گئے

اتوار 19 مارچ 2023 14:05

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مارچ2023ء) گورنمنٹ ڈگری کالج انوار شریف میں تقریری مقابلہ کا انعقاد ،طلبہ و طالبات نے دیے گئے موضوعات پر اظہار خیال کر کے اپنی صلاحیتیوں کے جوہر دکھائے ،تقریب کی صدارت پرنسپل ادارہ پروفیسر نعیم احمد عباسی نے کی ،جب کہ قومی انعام یافتہ مقرر ،جج و شاعر حق نواز مغل نے تقریب میں بطور خاص شرکت کی ،حق نواز مغل نے اس موقع پرانھوں نے طلبہ و طالبات کی تقاریر کو سنتے ہوئے کی گئی اغلاط کی نشان دہی کرتے ہوئے طلبہ و طالبات کو تقریر کے رموز سے مکمل طور پر آگاہی فراہم کی ،حق نواز مغل بیسویں مرتبہ کل پاکستان تقریری مقابلہ جات میں اول پوزیشن حاصل کر چکے ہیں جب کہ متعددمشاعروں میں بطور جج فرائض سر انجام دے چکے ہیں ،انھوں نے اس موقع پر طلبہ وطالبات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مستقبل میں وہی شخص کامیاب ہو سکتا ہے جس کے پاس تحریر و تقریر کا فن ہے ،اس لیے طلبہ و طالبات اپنی تخلیقی صلاحیتیوں کو بڑھائیں تاکہ مستقبل کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے قابل ہو سکیں،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پرنسپل ادارہ پروفیسر نعیم احمد عباسی نے معزز مہمان کا ادارہ میں آمد پر خیر مقدم کیا ،انھوں نے کہا کہ طلبہ کی صلاحیتیوں کو اجاگر کرنے کیلئے ایسی شخصیات کو ادارہ میں مدعو کیا جاتا رہے گا جنھوں نے اپنی صلاحیتیوں کے بل بوتے پر مقام حاصل کیا ،انھوں نے کہا کہ قبل ازیں ادارہ کی طالبہ کالجز کے تقریری مقابلہ میں تیسری پوزیشن حاصل کر چکی ہے ،آج کے سیشن کے بعد امید ہے کہ وہ وقت دور نہیں جب ادارہ ریاست بلکہ ملک بھر میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے کے قابل ہو جائے گا،اس موقع پر تقریب سے پروفیسر راجہ انصر خان ،افضال عالم نے بھی خطاب کیا ۔

متعلقہ عنوان :