بروقت علاج اور احتیاط سے ٹی بی پر قابو پایا جاسکتا ہے،ڈاکٹر سکندر حیات وڑائچ

اتوار 19 مارچ 2023 16:00

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مارچ2023ء) ٹی بی ایک خطر ناک مرض ہے مگر لاعلاج نہیں،بروقت علاج اور احتیاط سے اس عالمی مرض پر قابو پایا جاسکتا ہے،ٹی بی کا مرض تشخیص ہو جائے تو گھبرانے کی ضرورت نہیں،قریبی مرکزِ صحت یا سرکاری ہسپتال سے رجوع کرکے مفت علاج کروائیں،دو ہفتے یا اس سے زیادہ کھانسی کا آنا ٹی بی کی علامات میں سے ہے۔

ان خیالات کا اظہار فوکل پرسن ٹی بی ، ایچ آئی وی/ایڈزاور ڈسٹرکٹ ٹی بی کوآرڈینیٹرڈی ایچ کیوہسپتال سرگودھاڈاکٹر سکندر حیات وڑائچ نے آئی بی ایل کالج بھاگٹانوالہ میں ٹی بی سے متعلقہ آگاہی سیمینارسے خطاب کرتے کیا۔اُنہوں نے کہا کہ ہر وہ شخص جس کو ہلکا بخاراور پسینہ،بھوک کا نہ لگنا اور وزن میں کمی،بلغم میں یا تھوک میں خون کا آنا یا دو ہفتہ سے کھانسی آرہی ہو ایسا آدمی فوری ٹی بی کا ٹیسٹ کروائے،ٹی بی کا مریض کھانسی کرتے ہوئے اپنے منہ کو کسی کپڑے سے ڈھانپ کے رکھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ ٹی بی کے مریضوں کے لیے ضروری ہے کہ وہ ہر وقت اپنے منہ پر ماسک پہن کر رکھیں جب تک بلغم کا ٹیسٹ کلیئر نہ آجا ئے۔ڈاکٹر سکندر حیات وڑائچ نے کہا کہ ٹی بی کا مریض علاج ادُھورا نہ چھوڑے،مریض کے اہل ِخانہ اور دیگر افراد کا فرض ہے کہ مریض کے ساتھ تعاون کریں اوردورانِ علاج مریض کی حوصلہ افزائی سے مثبت نتائج برآمد ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ علاج کے دوران ماں بچے کو دودھ پلاسکتی ہے اس سے بچے کی صحت پر کوئی اثرات مرتب نہیں ہو تے۔سیمینار میں،بھاگٹانوالہ، کوٹ مومن،مٹیلہ،چک 23جنوبی،25جنو بی،انور آباد،سیال موڑ،لکسیاں،چک 74جنو بی،71جنو بی و دیگر مضافاتی علاقوں کے خواتین و حضرات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔