Live Updates

رافیل رکھنے سے کچھ نہیں ہوتا پائلٹ کو بھی بہادر ہونا چاہیے،اسحاق ڈار

جعفر ایکسپریس میں بھارت کے تانے بانے ملنے کے باوجود بھارت کے خلاف ایکشن نہیں لیا،نائب وزیراعظم

پیر 12 مئی 2025 23:20

رافیل رکھنے سے کچھ نہیں ہوتا پائلٹ کو بھی بہادر ہونا چاہیے،اسحاق ڈار
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 مئی2025ء)نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہاہے کہ رافیل رکھنے سے کچھ نہیں ہوتا پائلٹ کو بھی بہادر ہونا چاہیے،جعفر ایکسپریس میں بھارت کے تانے بانے ملنے کے باوجود پاکستان نے بھارت کے خلاف ایکشن نہیں لیا۔نجی ٹی وی سے گفتگوکرتے ہوئے اسحاق ڈارنے کہاکہ پاکستان ایئر فورس کو حکم یہ دیا گیا تھا کہ جو طیارے میزائل ماریں صرف انہیں گرایا جائے اس لیے پانچ جہاز گرائے ورنہ دس سے پندرہ بھارتی جہاز گرا سکتے تھے۔

انہوںنے کہاکہ جب پاکستان نے رافیل طیارے گرائے تو صبح چار بجے چین، ترکی سمیت کئی دوست ممالک کے سفیر دفتر خارجہ آئے، یقینا چین خوش ہو گا مگر مشین کے ساتھ بہادر ماہر پائلٹ بھی انتہائی اہم ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ 22اپریل کے بعد بھارت نے سندھ طاس معاہدے کو معطل کیا، ہمیں اندازہ تھا کہ پہلگام واقعے کے بعد یہ کچھ کریں گے، ہم تیار تھے۔

(جاری ہے)

نائب وزیراعظم نے کہاکہ6 مئی کو بھارت کی جانب سے پاکستان پر حملے کیے گئے،ہم نے دنیا کو کہا تھا کہ ہم پہل نہیں کریں گے مگر حملہ ہوا تو بھرپورجوا ب دیں گے، بھارت نے پاکستان میں 6مقامات پر 24حملے کیے اور پھر ان کو بھرپور جواب دیا گیا۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ بھارت خطے میں اپنی بالادستی قائم کرنا چاہتا تھا مگر اس کو منہ کی کھانا پڑی، خطے میں اس وقت پاکستان کی بالادستی قائم ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے بہادر جوان اچھی طرح جانتے ہیں کہ اپنے ملک کی عزت کس طرح کرانی ہے،پاکستان نے دہشتگردی کیخلاف جنگ میں بڑی قربانیاں دی ہیں۔ایک سوال کے جوا ب میں انہوںنے کہاکہ دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کو اربوں ڈالر کا نقصان ہوا ہے،90ہزار جانیں، 150ارب ڈالرز کے براہ راست، 450ارب کے بالواسطہ نقصانات،پاکستان سے زیادہ دہشت گردی کا شکار کون سا ملک ہے، دہشت گردی بھارت کا اندرونی مسئلہ ہے، جعفر ایکسپریس میں بھارت کے تانے بانے ملنے کے باوجود پاکستان نے بھارت کے خلاف ایکشن نہیں لیا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات