Live Updates

ماہرین صحت اور سول سوسائٹی کی تنظیموں کا ویلو،ویپ اور تمباکو نوشی کی جدید اقسام پر پابندی کا مطالبہ

اتوار 19 مارچ 2023 18:10

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مارچ2023ء) سماجی تنظیم بلیو وینز اور خیبرپختونخوا کے سب سے بڑے ہسپتال لیڈی ریڈنگ کے اشتراک سے ایک سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں تمباکو نوشی سے ہونے والے طبی نقصانات کا جائزہ لیا گیا۔ سیمینار میں محکمہ صحت کے اہلکاروں ،سرکاری اداروں کے نمائندوں طلبا، ماہرین صحت، میڈیا کے نمائندوں اور سول سوسائٹی کی تنظیموں کے ذمہ داران کی بڑی تعداد نے شرکت کی، سیمینار کے شرکا کو ماہرین صحت اور سول سوسائٹی کے رہنماؤں کی جانب سے نئی اقسام کی تمباکو نوشی کے مضر اثرات اور اس کے استعمال سے ہونے والے مضر اثرات سے متعلق آگاہی دی گئی،سیمینار میں ڈاکٹر سمیرا بختیار، ڈاکٹر شمائلہ، ڈاکٹر ندرت گل، ڈاکٹر شہریار خان، ڈاکٹر لیلا نوشاد، ڈاکٹر صوفیان خالق اور ڈاکٹر وسیم جنجوعہ نے اپنی تحقیقات پیش کں۔

(جاری ہے)

محکمہ صحت خیبر پختونخوا کے ڈائریکٹر پبلک ہیلتھ ڈاکٹر نیک داد آفریدی نے سیمینار کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمباکونوشی کی نئی قسم کا پھیلاؤ قابل تشویش اور لمحہ فکریہ ہے،نکوٹین کی تمام اقسام صحت کے لیے ایک خطرہ ہے لہذا ضروری ہے کہ عوام الناس میں اس بارے میں آگاہی پیدا کی جائے اور ایسے صوبائی اور قومی قوانین مرتب کئے جائیں جو عوامی صحت اور مفاد عامہ کو فروغ دیں۔

لیڈی ریڈنگ اسپتال کے ایسوسی ایٹ ڈائریکٹر طارق برکی نے کہا کہ تمباکو نوشی کی ہر صورت صحت کے لئے مضر ہے اور اس کی جدید اقسام کوتمباکو نوشی ترک کر نے کیلئے استعمال کیا جانا باعث تشویش ہے،وہ نوجوان افراد جو سگریٹ نہیں پیتے وہ نکوٹین کی جدید صورتوں کی جانب راغب ہورہے ہیں ، ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے کہ افواہوں اور غلط خبروں کے بجائے جدید اور سائنسی تحقیق پر اعتماد اور بھروسہ کریں اور بطور معاشرہ ہماری ذمہ داری ہے کہ منافع کی بجائے انسانی صحت اور اس کی بہتری کو ترجیح کے طور پر دیکھیں۔

ایڈیشنل کمشنر برائے انسانی حقوق و امداد عمران خان اور ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر پشاورمصباح وحید نے کہا کہ حکومت خیبرپختونخوا اور ضلعی انتظامیہ غیر قانونی تمباکو اشیا اور ان کی پر خرید و فروخت کو روکنے کے لیے سنجیدہ اور سرگرم ہیں ، یہ پورے معاشرے کی ذمہ داری ہے کہ معاشرے میں صحت مندانہ اور مثبت سرگرمیوں کو فروغ دیں اور نئی نسل کو تمباکو نوشی کے مضر اثرات سے آگاہ کریں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات