ایل این جی کی درآمدات میں 8 ماہ کے دوران 17 فیصد کمی

منگل 21 مارچ 2023 11:54

ایل این جی کی درآمدات میں    8 ماہ  کے دوران  17 فیصد  کمی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مارچ2023ء) ایل این جی کی درآمدات میں جاری مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں سالانہ بنیادوں پر 17 فیصد کی کمی ریکارڈکی گئی ہے۔ پاکستان بیورو برائے شماریات کی جانب سے جاری کر دہ اعداد شمار کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 8 ما ہ میں ایل این جی کی درآمدات کا حجم 2.551 ارب ڈالرریکارڈکیا گیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 17 فیصد کم ہے۔

گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں ایل این جی کی درآمدات پر 3.080 ارب ڈالر کا زرمبادلہ صرف ہوا تھا۔ فروری میں ایل این جی کی درآمدات کا حجم 358 ملین ڈالر ریکارڈ کیاگیا جو گزشتہ سال فروری کے مقابلہ میں 15 فیصد زیادہ ہے۔ گزشتہ سال فروری میں ایل این جی کی درآمدات پر 311 ملین ڈالر کا زرمبادلہ صرف ہواتھا۔

(جاری ہے)

جنوری کے مقابلہ میں فروری میں ایل این جی کی درآمدات پر ماہانہ بنیادوں پر 48 فیصد کی نمو ریکار ڈ کی گئی ہے۔

جنوری میں ایل این جی کی درآمدات پر 243ملین ڈالر کا زرمبادلہ صرف ہوا جو فروری میں بڑھ کر 358ملین ڈالر ہو گیا۔ واضح رہے کہ جاری مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں پٹرولیم گروپ کی درآمدات میں سالانہ بنیادوں پر 8 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ جاری مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں پٹرولیم گروپ کی درآمدات کا حجم 11.87 ارب ڈالر ریکارڈ کیاگیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 12.94 ارب ڈالر تھا۔