ٹی بی ایک متعدی بیماری ہے جو عموماً پھیپھڑوں کو متاثر کرتی ہے،ڈاکٹرسکندرحیات وڑائچ

بدھ 22 مارچ 2023 16:42

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مارچ2023ء) ڈسٹرکٹ ٹی بی کوآرڈنیٹرو پلمونالوجسٹ ڈاکٹر سکندر حیات وڑائچ نے کہاہے کہ ٹی بی (تپ دق) ایک متعدی بیماری ہے جو عموماً پھیپھڑوں کو متاثر کرتی ہے اگرچہ یہ جسم کے کسی بھی حصے کو متاثر کر سکتی ہے۔ ٹی بی کا وجود 4 ہزار سال پرانا ہےمصری ممیوں میں بھی اس مرض کی نشانیاں پائی گئی ہیں۔انہوں نے کہاعالمی ادارہ صحت ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے مطابق ہر سال پوری دُنیا میں نو ملین افراد ٹی بی سے متاثر ہوتے ہیں۔

ٹی بی سے ہر سال دو ملین افراد کی موت بھی ہو جاتی ہے۔ ملیریا اورایچ آئی وی کے ساتھ یہ اب دنیا میں متعدی ترین بیماریوں میں شمار کی جاتی ہے۔انہوں نے کہاکہ یہ براہ راست صرف ایسے ہی کسی شخص سے لگ سکتی ہے۔ جس کے پھیپھڑوں یا گلے میں ٹی بی ہو۔

(جاری ہے)

یہ ہوا کے ذریعے اس وقت پھیلتی ہے جب اس مرض سے متاثر لوگ کھانستے یا چھینکتے ہیں۔ اس بیماری کو لگنے کے لئے قریبی اور طویل رابطہ کی ضرورت ہوتی ہےاس لیے اس کا امکان نہیں ہے کہ آپ کو بس یا ٹرین میں سفر کرتے ہوئے ٹی بی لگ جائے گی۔

اس کی علامات میں دو ہفتے یا سے زیادہ کھانسی۔ ہلکا بخار اور پسینہ۔ بھوک کا نہ لگنا اور وزن میں کمی بلغم میں خون آنا تھوک کے ساتھ خون آناہے مندرجہ بالا علامات کی صورت میں قریبی مرکز صحت سرکاری ہسپتال سے رجوع کریں۔