سیکرٹری تعلیم سکولز زاہد خان عباسی کامظفرآباد کے مختلف تعلیمی اداروں کا دورہ ،تمام کلاسز کا معائنہ کیا

ہفتہ 25 مارچ 2023 17:49

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مارچ2023ء) سیکرٹری تعلیم سکولز زاہد خان عباسی نے ہفتہ کومظفرآباد کے مختلف تعلیمی اداروں کا اچانک دورہ کیااورٹیچرز کی حاضری چیک کرنے کے بعد تمام کلاسز کا معائنہ کیا۔دوران معائنہ سبجیکٹ ریلیٹڈ ٹیچرز اور بچوں سے سوالات کیے۔معیار تعلیم بہتر بنانے کے لیے فوری اقدامات کرنے کے لیے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر صاحبان کو احکامات جاری کر دئیے۔

کلاسز کے معائنہ کے دوران گرلز ہائی سکول طارق آباد کی ایک طالبہ حراء کی نظر کمزور ہونا پائی گئی جس پر سیکرٹری ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر زاہد خان عباسی نے بچی کا فوری علاج زاتی گرہ سے کروانے کے لیے الشفاء آئی ٹرسٹ کے چیئرمین سے رابطہ کر لیااور بچی کے علاج لیے بروز سوموار وقت بھی لے لیا۔

(جاری ہے)

زاہد خان عباسی نے بچی کے علاج معالجے پر اٹھنے والے اخراجات اپنی زاتی گرہ سے ادا کرنے کا اظہار کیا اور اس کے ساتھ ساتھ مظفرآباد کے جملہ تعلیمی اداروں میں فری آئی کیمپ لگانے کے لیے بھی اقدامات کرنے کے لیے کہا جس پر الشفاء آئی ٹرسٹ کے چیئرمین کرنل نعیم نے تمام تعلیمی اداروں میں فری آئی کیمپ لگانے سے بھی رضا مندی ظاہر کی۔

اس پر جناب سیکرٹری نے جملہ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر صاحبان کو ہدایت جاری کے وہ تمام تعلیمی اداروں سے فوکل پرسن مقرر کریں جو کمزور نظر والے طلبہ و طالبات کی نشاندھی کے ساتھ ساتھ ان کے علاج کا مکمل پراسسز کروانے کے پابند ہوں گے۔دوران معائنہ چند بدوں رخصت غیر حاضر معلمین/ معلمات کی جواب طلبی کے احکامات بھی صادر کیے۔