جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے پی ٹی آئی کے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کی جانب سے 9 مئی کے واقعات کی مذمت

جمعرات 18 مئی 2023 22:40

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 مئی2023ء) جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے پاکستان تحریک انصاف کے نو اراکین قومی و صوبائی اسمبلی نے 9 مئی کی توڑ پھوڑ کی شدید مذمت کرتے ہوئے ریاستی تنصیبات اور یادگاروں کو نشانہ بنانے والے افراد کو سزائیں دینے کا مطالبہ کیا ہے اور ان میں سے کچھ نے پارٹی چھوڑنے کا اشارہ دیتے ہوئے کہا کہ کوئی محب وطن پاکستانی ایسی پارٹی کا حصہ نہیں ہو سکتا جو اس طرح کی گھناؤنی حرکتوں میں ملوث ہو۔

ملتان پریس کلب میں 9 مئی کو ریاستی تنصیبات پر حملے کی شدید مذمت کرنے والے پی ٹی آئی رہنماؤں میں خان گڑھ (مظفر گڑھ) سے سردار عون حمید ڈوگر، تحصیل چوبارہ ضلع لیہ سے سردار قیصر عباس خان مگسی، نیاز حسین خان گشکوری پی پی 278 مظفر گڑھ سے میاں علمدار عباس قریشی، پی پی 277 مظفر گڑھ سے محمد اشرف خان رند، بہاولپور سے سردار ملک جہانزیب وارن، جہانیاں ضلع خانیوال سے ملک غلام مجتبیٰ میتلا، سردار عبدالحئی دستی اور مظفر گڑھ سے سردار محمد خان دستی اور مظفر گڑھ سے سردار محمد علی خان شامل ہیں۔

(جاری ہے)

ملتان سے پی ٹی آئی کے تمام سابق ااراکین اسمبلی نے 9 مئی کی توڑ پھوڑ میں ملوث تمام افراد کے خلاف شدید احتجاج کیا ۔ انہوں نے کہا ہمارے لیے اصل اہمیت پاکستان کی ہے اور سیاست پاکستان کے بعد آتی ہے۔ انہوں نے پاکستان کی مسلح افواج کے لیے اپنی بھرپور حمایت کا اظہار کیا اور مطالبہ کیا کہ 9 مئی کے حملوں میں ملوث افراد کے خلاف مقدمہ چلایا جائے اور انہیں سزا دی جائے۔

ظہیرالدین علی زئی نے کہا کہ حملوں میں ملوث افراد نے صرف ایک دن میں ملک کو وہ نقصان پہنچایا جو دشمن 70 سال میں نہیں پہنچا سکے۔ انہوں نے جناح ہاؤس، یادگار شہداء اور دیگر ریاستی تنصیبات پر حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اس قسم کا تشدد کبھی نہیں دیکھا۔ انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں، ہمارے ادارے، ہماری فوج اور شہید فوجی ہمارا فخر ہیں۔

پریس کانفرنس کے بعد ایک سوال پر کہ کیا وہ یہاں پی ٹی آئی سے علیحدگی کا اعلان کرنے آئے ہیں، علیزئی نے کہا کہ وہ پہلے ہی پاکستان تحریک انصاف کو چھوڑ چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان آخری دم تک رہے گا اور اس طرح کی تشدد کی کارروائیوں سے شاید ہی کوئی نقصان ہو سکے۔ ہماری سیاست تبھی زندہ رہے گی اگر پاکستان سلامت رہے گا۔