سیکیورٹی فورسز اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کی بلوچستان میں انتہائی مطلوب دہشتگرد گلزار امام عرف شنبے کی آپریشن میں گرفتاری بڑی کامیابی، آئی ایس آئی کی تاریخ کا بڑا کارنامہ اور ادارہ جاتی پروفیشنل ازم کا ثبوت

منگل 23 مئی 2023 20:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2023ء) سیکیورٹی فورسز اور انٹیلی جنس ایجنسیوں نے بلوچستان میں انتہائی مطلوب دہشتگرد گلزار امام عرف شنبے کو آپریشن میں گرفتار کر کے بڑی کامیابی حاصل کی ہے ، انتہائی مطلوب دہشت گرد کی گرفتاری آئی ایس آئی کی تاریخ کا بڑا کارنامہ اور ادارہ جاتی پروفیشنل ازم کا ثبوت ہے ، سکیورٹی ذرائع کے مطابق بلوچ نیشنلسٹ آرمی اور ’براس‘ کے بانی راہنما کی اس نوعیت کے انٹیلی جنس آپریشن میں گرفتاری دنیا میں دوسرا جبکہ پاکستانی تاریخ کا پہلا آپریشن تھا، ذرائع کے مطابق قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں بھی آئی ایس آئی کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم کو شاندار خراج تحسین پیش کیا گیا تھا۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق انٹیلیجنس کے شعبے میں یہ ایک نمایاں کارنامے کے طور پر یاد رکھا جانے والا آپریشن ہے ۔

(جاری ہے)

آئی ایس آئی نے گلزار امام شنبے کو انتہائی یپچیدہ اور مشکل ترین آپریشن کے بعد گرفتار کیا۔ دنیائے انٹیلی جنس کی تاریخ میں انوکھا اور اپنی مثال آپ آپریشن کئی مہینوں اور کئی جغرافیائی علاقوں پر محیط تھا۔گلزار امام شنبے نے اپنی شدت پسندی کو غلط قرار دیا اوربلوچ شدت پسندوں کو امن کا راستہ اختیار کرنے کا کہا ہے۔

عوام اور حکومت سے معافی کی درخواست کرتے ہوئے اپنے آپ کو آئین اور قانون کے حوالے کیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ گلزار امام عرف شنبے 1978 میں بلوچستان کے ضلع پنجگور میں پروم کے مقام پر پیدا ہوا۔2018 تک کالعدم بلوچ ریپبلکن آرمی میں براہمداغ بگٹی کا نائب رہا۔ گلزار امام 11 جنوری 2022 کو بلوچ ریپبلکن آرمی اور یونائیٹڈ بلوچ آرمی کے انضمام کے نتیجے میں بننے والی بلوچ نیشنلسٹ آرمی کا سربراہ منتخب ہوا۔

اس نے نومبر 2018 میں 4 کالعدم تنظیموں کے انضمام سے بننے والی بلوچ راجی اجوئی سنگر نامی تنظیم کی تشکیل میں کلیدی کردار ادا کیا۔ آزاد بلوچستان کی تحریک کے دوران دشمن انٹیلی جنس ایجنسیوں کے اصل عزائم آشکار ہوئے۔ دسمبر 2017 میں گل نوید کے نام سے افغانی پاسپورٹ پر بھارت کا دورہ بھی کیا۔ انٹیلی جنس اداروں نےمسلسل انتھک کاوشوں کے بعد گلزار امام عرف شنبے کو بلوچستان سے گرفتار کیا۔ گرفتاری کالعدم تنظیموں اور دشمن انٹیلی جنس ایجنسیوں کے ناپاک عزائم کے لئے ایک بڑا دھچکا ہے۔