ایپسما کی افواج پاکستان سے اظہار یکجہتی ریلی

بدھ 24 مئی 2023 20:50

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مئی2023ء) شہدا ہمارا فخر ہیں ، ملک بھر کے نجی تعلیمی اداروں میں کل یوم تکریم شہدا جوش و خروش اور ملی جذبے کے ساتھ منایا جائے گا اور سکولز اسمبلی میں شہدا کے ایصال ثواب کے لئے قرآن خوانی اور دعاؤں کا خصوصی اہتمام کیا جائے گا،عوام اپنی بہادر افواج سے والہانہ محبت کرتے ہیں ،افواج پاکستان ملکی سرحدوں کی محافظ اور سلامتی کی ضامن ہے ۔

ان خیالات کا اظہار آل پاکستان پرائیویٹ سکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن راولپنڈی ڈویژن کے صدر ابرار احمد خان، کرنل (ر) فواد حنیف ، مسز سکینہ تاج اور راجہ وسیم سیفی و دیگر نے افواج پاکستان سے اظہار یکجہتی کے سلسلے میں نکالی جانے والی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ ریلی میں ایپسما کے قائدین عامر انور، آغا شہاب مقصود ، کرنل (ر) فواد حنیف ، مسز سکینہ تاج ، ملک شہزاد رشید، عدنان نثار ، وسیم سیفی، کامران سیف ، راجہ ثناءاللہ ، راجہ اعجاز، ملک طاہر محمود ، عبید الرحمن ،ڈاکٹر طاہر شہزاد، شیر علی ، چوہدری افتخار، نعیم اکبر، ڈاکٹر علی گوہر، عابد نجم، قاری محمد یاسین ، شکیل اختر، شاہد یوسف، راجہ آصف محمود ، شاہد جمیل، مصطفین سجاد، محمد کامران ، محمد انوار، قاری ربانی کے علاوہ خواتین اساتذہ اور سینکڑوں طلباء وطالبات نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ابرار احمد خان نے کہا کہ شہدا ہمارا فخر ہیں ، ان کی یادگاریں جلانے والے دشمن کے ناپاک ایجنڈے پر کام کررہے ہیں اور یہ کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔پاکستان بنانے والوں کی نسلیں اپنی جان سے بڑھ کر اس کی حفاظت کے لئے اپنا تن من دھن قربان کرنے کے لیے ہر وقت تیار ہیں، اساتذہ سکول اسمبلی میں طلباء وطالبات کے دلوں میں وطن اور افواج پاکستان سے محبت کے جذبات کو پروان چڑھائیں،نوجوان نسل کو ففتھ جنریشن وار کی طرف شعوری طور پر دھکیلا جارہا ہے۔

کرنل (ر) فواد حنیف ، وسیم سیفی اور مسز سکینہ تاج نے کہا کہ پاک فوج ہماری بقاء اور سلامتی کی ضامن ہے۔ یہ ملک اور اسکی فوج ہماری ریڈ لائین ہے۔ ریلی کا آغاز راولپنڈی پریس کلب سے ہوا اور اختتام کمیٹی چوک سے واپس پریس کلب پر ہوا۔ ریلی میں شریک اساتذہ اور طلبہ پاکستان آرمی کے حق میں نعرے لگا رہے تھے۔ شرکا نے ہاتھوں میں سبز ہلالی پرچم اور پلے کارڈز تھامے ہوئے تھے۔ بچوں کی نمائندگی کرتے ہوئے سعدیز ای کول گلریز اور عبید پبلک سکول کے بچوں نے بھی اپنے جذبات کا اظہار کیا۔