پاکستان میں کھیلوں کے ٹیلنٹ کو بروئے کار لانے کے لئے سپانسر کو آگے آنا چاہئے،اعجاز الرحمان

اتوار 28 مئی 2023 12:00

دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مئی2023ء) پاکستان ٹین پن باؤلنگ فیڈریشن کے صدر اعجاز الرحمان نے کہا ہے کہ پاکستان میں کھیلوں کے ٹیلنٹ کو بروئے کار لانے کے لئے سپانسر کو آگے آنا چاہئے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز دبئی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں شہری علاقوں کی نسبت دیہی علاقوں میں گراس روٹ سطح پر کھیلوں کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے تاہم وسائل کی کمی کے باعث یہ ٹیلنٹ ضائع ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ٹین پن باؤلنگ کا کھیل بھی دنیا کا مقبول ترین کھیل ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان روواں سال چار انٹرنیشنل ٹورنامنٹ میں شرکت کرے گا۔ یہ ٹورنامنٹ سنگاپور، سویڈن، کویت اور تھائی لینڈ میں کھیلے جائیں گے۔ ان انٹرنیشنل ایونٹس میں 22 ویں ایشین جونیئر ٹین پن باؤلنگ چیمپئن شپ، 19 سے 26 اگست تک، سنگاپور میں اور سٹورم لکی لارسن ماسٹر بائولنگ ٹورنامنٹ، یکم سے 10 ستمبر تک ہیلسنگبرگ، سویڈن میں کھیلا جائےگا۔

(جاری ہے)

اسی طرح آئی بی ایف ورلڈ باؤلنگ چیمپئن شپ ، 3 سے 18 اکتوبر تک کویت میں جبکہ 6 ویں انڈور اور مارشل آرٹس گیمز، 17 سے 26 نومبر تک بنکاک، تھائی لینڈ میں کھیلی جائےگی۔ ایک سوال کےجواب میں اعجاز الرحمان نے کہا کہ ایک دور تھا کہ پاکستان نے کئی دہائیوں تک کھیلوں کے میدانوں میں دنیا پر حکمرانی کر رکھی تھی لیکن آہستہ آہستہ یہ اعزازات ہمارے ہاتھوں سے نکلتے گئے اس کی سب سے بڑی وجہ یہ تھی کہ کھلاڑیوں نے محنت کرنا چھوڑ دی بلکہ پرچی اور سفارشی کلچر کو اپنانا شروع کر دیا جس سے ملک میں گراس روٹ سطح پر کھیلوں کا معیار گرتا گیا۔