ملک وقوم کی تعمیروترقی میں اساتذہ کرام کے کردار سے انکار نہیں کیا جا سکتا،مظفر سید ایڈوکیٹ

اساتذہ پڑھائی کے ساتھ بچوں کے کردارسازی پر بھی توجہ دے،سابق صوبائی وزیر خزانہ

پیر 29 مئی 2023 22:22

تیمرگرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 مئی2023ء) سابق صوبائی وزیر خزانہ مظفر سید ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ ملک وقوم کی تعمیر و ترقی میں اساتذہ کرام کے کردار سے انکار نہیں کیا جا سکتا اساتذہ پڑھائی کے ساتھ بچوں کے کردارسازی پر بھی توجہ دے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے گزشتہ روز گورنمنٹ ہائی سکول شمشی خان تالاش میں اتحاد اساتذہ کے صوبائی راہنما حاجی خلیق الرحمان کی مدت ملازمت کی تکمیل پر منعقدہ ایک الوداعی تقریب اور عشائیے سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تقریب کا اہتمام اتحاد اساتذہ تالاش نے کیا جس میں ریٹائرڈ سکول سربراہان، سینئر سٹاف، اساتذہ، تالاش قومی جرگہ کے مشران اور عمائدین علاقہ نے شرکت کی۔ تقریب سے تحصیل چیئرمین مفتی عرفان الدین، سینئر سٹاف ایسوسی ایشن کے سابق ضلعی صدر پرنسپل آفتاب عالم، پرنسپل امین الحق، ایس ایس ٹی ایسوسی ایشن کے ضلعی ترجمان ساجد خان، ڈاکٹر خائستہ رحمان و دیگر نے اپنے خطابات میں ریٹائرڈ ہونے والے سینئر معلم کے تعلیمی، تنظیمی اور عوامی خدمات کو سراہا اور کہا کہ موصوف نے 32 سال محکمہ تعلیم میں شاندار خدمات سرانجام دیئے۔

(جاری ہے)

انھو ںنے کہا کہ خلیق الرحمان کی ریٹائرمنٹ سے محکمہ تعلیم ایک بہترین استاد اور بہترین منتظم سے محروم ہوگیا جس کی خلاء مدتوں پر نہیں ہوسکتی۔سابق صوبائی وزیر مظفر سید نے کہا کہ اساتذہ ہی کسی قوم کے اصل معمار ہوتے ہیں اور جن قوموں نے اپنے اساتذہ کا احترام کیا وہ اج دنیا پر حکمرانی کررہے ہیں۔ انھوں نے اساتذہ پر زور دیا کہ پڑھائی کے ساتھ ساتھ طلباء کے کردار سازی پر بھی توجہ دیں کیونکہ تعلیم کا بنیادی مقصد معاشرے کو مفید اور بہترین شہری فراہم کرنا ہے۔

اس موقع پر ساتھیوں نے ریٹائر ہونے والے استاد کو مختلف تحائف بھی پیش کئے۔ ریٹائر ہونے والے استاد حاجی خلیق الرحمان نے عزت افزائی پر ٹیچر برادری کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ اپنے سینئر اور رفقائے کار کی محبت کو زندگی بھر یاد رکھے گا۔ اسی طرح کی ایک دوسری تقریب موصوف کے اپنے سکول کے سٹاف ممبران نے گزشتہ روز فشنگ ہٹ چکدرہ میں منعقد کیا تھا جہاں موصوف کو خراج تحسین سمیت تحائف پیش کئے گئے۔