سرگودھا یونیورسٹی میں طالب علموں میں ناشتہ کی اہمیت کو اُجاگر کرنے حوالے سے سیمینار اور واک کا اہتمام

بدھ 31 مئی 2023 20:19

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 مئی2023ء) شعبہ ریاضی یونیورسٹی آف سرگودھا کے زیر اہتمام طالب علموں میں ناشتہ کی اہمیت کو اجاگر کرنے حوالے سے خصوصی سیمینار اور واک کا اہتمام کیا گیا۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس کی قیادت میں واک یونیورسٹی فوارہ چوک سے شروع ہوکر ملک فیروز خان نون بزنس سکول پر اختتام پذیر ہوئی۔ اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے طالب علموں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ طالب علم ناشتہ کی عادت کو اپنا معمول بنائیں، بغیر ناشتے کے یونیورسٹی و سکولوں میں آنا بہت سے مسائل کو جنم دیتا ہے اس لئے احتیاط بہت ضروری ہے۔

ناشتہ کی اہمیت کے حوالے سے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر الیاس طارق نے کہا کہ ایک صحت مند جسم میں ایک صحت مند دماغ ہوتا ہے اور اچھی تعلیم اور کامیابی کے لئے صحت مند ہونا بہت ضروری ہے اس کے لئے ضروری ہے کہ طالب علم اپنی تعلیم کے ساتھ اپنی صحت کا خیال رکھیں اور ناشتہ کی عادت کو معمول بنائیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر چیئرمین شعبہ ریاضی ڈاکٹر شاہد مبین نے سیمینار کے انعقاد کے حوالے سے بتایا کہ شعبہ ریاضی کا تعلق تعلیمی سرگرمی کے ساتھ معاشرتی سرگرمیوں میں بھی ہوتا ہے اس لئے ناشتہ کی ضرورت کی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔

سیمینار سے ماہر خوراک اور شعبہ فوڈ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے ڈاکٹر معین الدین نے کہا کہ طالب علموں کو اپنی اچھی تعلیمی سرگرمیاں جاری رکھنے کے لئے بہترین خوراک کی ضرورت ہے اور اس بہترین خوراک میں ناشتہ سب سے زیادہ ضروری ہے۔ اس موقع پر ماہر خوراک ڈاکٹر تحریم سرور اور شعبہ ریاضی کے ڈاکٹر احمد ممتاز نے بھی خطاب کیا۔ سیمینار کے اختتام پر مہمانان گرامی کو یادگاری سووینئر بھی دئیے گئے۔