معاشی حب کراچی فن و ثقافت کا اہم مرکز بھی ہے ۔گورنرسندھ

شہر کو مسکن بنانے والے فنکار اپنے شعبہ میں بام عروج پر پہنچے ہیں۔ تقریب سے خطاب

بدھ 31 مئی 2023 22:49

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 مئی2023ء) گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ کراچی معاشی حب کے ساتھ فن و ثقافت کا اہم مرکز بھی ہے،اس شہر کو مسکن بنانے والے فنکار اپنے شعبہ میں بام عروج پر پہنچے ہیں،ان کی بدولت دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن ہوااورفائن آرٹس میں بھی متعدد فنون ملک و قوم کی پہچان بنے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلدیہ عظمی کراچی کے زیر اہتمام صادقین ایوارڈز کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

تقریب میں کئی ممالک کے قونصل جنرلز، ایڈمنسٹریٹر کراچی ڈاکٹر سیف الرحمن،سینئر ڈائریکٹر کلچر اینڈ اسپورٹس سیف عباس سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔ گورنرسندھ نے مزید کہا کہ صادقین عظیم فنکاروں میں شامل ہیںجن کے فن کا دنیا نے نہ صرف اعتراف کرتی ہے بلکہ خطاطی اور مصوری کے حوالہ سے صادقین کو مکمل انسٹیٹیوٹ بھی تسلیم کرتی ہے، اس وقت صادقین کے شاگرد دنیا بھر میں موجود ہیںاور شہر قائد کے باسیوں کویہ اعزاز حاصل ہے کہ صادقین کا تعلق اس عظیم شہر سے تھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ عظیم مصورسے منسوب ایوارڈز کی روایت برقرار رکھنے والے منتظمین مبارک باد کے مستحق ہیں آج کی اس تقریب کی خاص بات ، اسے خوب سے خوب تر انداز میں منعقد کیا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ فائن آرٹس اور معیار ی تخلیق کے جوہر دکھانے والے فنکاروں کو آج ایک بہتر پلیٹ فارم دستیاب ہے اس ضمن میں صادقین آرٹ گیلری کے قیام کے ساتھ ہی بلدیہ عظمیٰ کراچی نے قابل تحسین قدم اٹھاتے ہوئے صادقین ایوارڈز کا اجراء کیا،امید ہے ایوارڈ حاصل کرنے والے خوب سے خوب تر ،کی جستجو اور تلاش جاری رکھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ سیاسی و معاشی حالات ہم سب کی توجہ کے متقاضی ہیں پوری قوم 9 مئی کے واقعات پر افسردہ ہے،شرپسندوں نے 9 مئی کے روز قومی یکجہتی کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی تاہم مسلح افواج نے تحمل ، صبر اور برداشت سے دشمن کی سازش کامیاب نہیں ہونے دی۔بعد ازاں گورنرسندھ نے نمائش کا افتتاح بھی کی اور مختلف افراد کو ایوارڈ ز بھی تقسیم کئے ۔