پنجاب ایمرجنسی سروس کا 1057ٹریفک حادثات پر ریسپانڈ ،زخمیوں کو فوری طور پر نزدیکی ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا

بدھ 7 جون 2023 17:23

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 جون2023ء) پنجاب ایمرجنسی سروس نے گز شتہ 24گھنٹوں کے دوران صوبہ بھر میں 1057ٹریفک حادثات پر ریسپانڈ کیا جن میں 553افراد شدید زخمی ہوگئے جنہیں فوری طور پر نزدیکی ضلعی و تحصیل ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا جبکہ 527معمولی زخمیوں کو موقع پر طبی امداد فراہم کی گئی۔ترجمان کے مطابق ان حادثات میں زیادہ تر تعدادموٹر سائیکلز حادثات کی ہے۔

(جاری ہے)

ریسکیو 1122کے صوبائی مانیٹرنگ سیل کو موصول ہونے والی ایمرجنسی کالز کے مطابق ان ٹریفک حادثات میں 542ڈرائیورز،421 مسافر اور125 راہگیر شامل تھے۔ترجمان نے بتایا کہ 290ٹریفک حادثات کی فون کالز لاہور کنٹر ول روم کو موصول ہوئیں جن میں صوبائی درالحکومت میں310،فیصل آباد میں 66حادثات میں 64 اورملتان میں61حادثات میں 66 افراد متاثر ہوئے۔واضح رہے کہ ان ٹریفک حادثات کے کل1080متاثرین میں 890مرد اور201خواتین شامل ہیں جبکہ ان ٹریفک حادثات کے بیشتر واقعات میں 896موٹرسائیکلز،60آٹورکشے89کاریں،18وین 7 مسافربسیں،31ٹرک اور118دوسری اقسام کی گاڑیاں شامل ہیں۔