امریکا کو کسنجرکی طرح سفارتی سمجھ بوجھ کی ضرورت ہے، چین

ہینری کسنجر نے 1970 کی دہائی میں چین اور امریکا کے تعلقات بحال کروائے تھے،چینی وزارت دفاع

جمعرات 20 جولائی 2023 17:46

بیجنگ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جولائی2023ء) اعلی چینی سفارتکار وینگ ای نے کہا ہے کہ امریکا کو کسنجر کی طرح سفارتی سمجھ بوجھ کی ضرورت ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکا کے سابق وزیر خارجہ ہینری کسنجر ان دنوں بیجنگ کے دورے پر ہیں، انہوں نے کمیونسٹ پارٹی کے سفارتکار وینگ ای سے ملاقات کی۔ کسنجر نے چین کے وزیر دفاع لی شینگ فو سے بھی ملاقات کی تھی جن پر امریکا میں داخلے پر پابندی عائد ہے۔

(جاری ہے)

چین کی وزارت دفاع نے اپنے بیان میں کہا کہ وزیر دفاع نے ہینری کسنجر کی تعریف کی جنہوں نے 1970 کی دہائی میں چین اور امریکا کے تعلقات بحال کروائے تھے۔وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ دو طرفہ تعلقات بہت کم سطح پر آچکے ہیں جس کی وجہ امریکا کے کچھ لوگ ہیں جو چین جیسی نصف کوشش بھی نہیں کر رہے۔خیال رہے کہ امریکی ایوان کی اسپیکر نینسی پلوسی کے دورہ تائیوان کے بعد چین نے امریکا کے ساتھ اعلی سطح کے تعلقات منقطع کردیے تھے جس کے بعد سے اب تک ان تعلقات میں اتار چڑھا کا سلسلہ جاری ہے۔100 سالہ سابق وزیر خارجہ ہینری کسنجر ایسے وقت میں چین کا دورہ کر رہے ہیں کہ جب امریکی صدر جو بائیڈن کے مشیر برائے ماحولیات جان کیری بھی چین میں موجود ہیں۔