کراچی:سی ویو روڈ پر گاڑی سے لاش برآمد،خط بھی ملا

موت سے قبل متوفی نے بہنوئی کو لوکیشن بھی بھیجی،میری موت کا کسی کو ذمہ دار نہ ٹھہرایا جائے،خط میں خود کشی سے متعلق لکھا گیا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان بدھ 26 جولائی 2023 11:52

کراچی:سی ویو روڈ پر گاڑی سے لاش برآمد،خط بھی ملا
کراچی (اردوپوائنٹ،اخبارتازہ ترین ۔ 26 جولائی 2023ء) کراچی میں سی ویو روڈ پر گاڑی سے ایک شخص کی لاش ملی ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق لاش کے ساتھ گاڑی سے ایک خط بھی ملا ہے۔ڈیفنس کے علاقے سی ویو میں درخشاں پولیس چوکی کے قریب کار کے اندر سے لاش برآمد ہوئی۔ابتدائی تحقیقات میں بتایا گیا ہے کہ مذکورہ شخص کی ہلاکت گولی لگنے سے ہوئی۔لاش کے پاس سے پستول بھی ملا ہے۔

ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت 35 سالہ عمر اقبال کے نام سے ہوئی۔پولیس کا اس حوالے سے کہنا ہے عمر نے خود کشی سے قبل بہنوئی کو لوکیشن بھیجی ۔بہنوئی نے عمر کے بھائی کو بتایا جو دی گئی لوکیشن پر پولیس کے ساتھ پہنچا، گاڑی کے شیشے توڑ کر عمر کی لاش کو نکالا گیا۔پولیس نے لاش پوسٹ مارٹم کے لیے ایدھی ایمبولینس کے ذریعے جناح ہسپتال منتقل کر دی۔

(جاری ہے)

ایس ایس پی ساؤتھ اسد رضا کے مطابق سی ویو کے قریب گاڑی سے ملنے والی لاش کے ساتھ خط بھی ملا۔خط کے مطابق متوفی نے منگل کی دوپہر کو خط لکھا تھا۔خط میں متوفی نے اپنی مرضی سے خودکشی کی اور اس کا کسی کو ذمہ دار نہیں ٹھہرایا۔ انہوں نے بتایا کہ خط میں لکھا گیا تھا متوفی اپنے حالات اور زندگی سے بہت تنگ ہے۔پولیس نے مختلف پہلوؤں سے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

دوسری جانب سوتیلے باپ کے تشدد سے 4 سالہ بچہ دم توڑ گیا ۔بتایاگیا ہے کہ ملزم عثمان نے بچے چاند علی پر بے پناہ تشدد کیا جس سے اس کی موت واقع ہو گئی،ملزم بچے کو قتل کرنے کے بعد اس کی لاش پاکپتن لے گئے تھے ۔ پولیس نے اطلاع ملنے پر کارروائی کر کے لاش کو تحویل میں لے لیا اور لاہور لے آئی۔ پولیس نے ملزم عثمان کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا ہے۔ پولیس کے مطابق عثمان کا 20 روز قبل ہی مقتول چاند کی والدہ سے نکاح ہوا تھا،عثمان چاند اور اس کے بہنوں کو تشدد کا نشانہ بناتا تھا۔