کوئٹہ میں دو قبیلوں کے مابین فائرنگ کے تبادلے میں تین افراد جاں بحق دو زخمی ہوگئے ، پولیس حکام

جمعرات 3 اگست 2023 00:50

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اگست2023ء) بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے گنجان آباد علاقے سریاب روڈ پر دو قبائل کے مابین فائرنگ کے تبادلے میں تین افراد جاں بحق جبکہ دو زخمی ہوگئے جاں بحق ہونے والوں میں سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان کے بھتیجے بھی شامل ہیں پولیس حکام کے مطابق منگل کے روز مغرب کے بعد سریاب روڈ پر واقع سدا بہار بس ٹرمینل کے نزدیک لہڑی اور رئیسانی قبائل کے افراد کے مابین فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب اسلم رئیسانی کے بھتیجے نوابزادہ ہارون رئیسانی اپنے ذاتی محافظ جبکہ مخالف سمت سے ممتاز ٹرانسپورٹر حاجی فیروز لہڑی کے پوتے میر براہمداغ لہڑی جاں بحق ہو گئے ۔

شدید فائرنگ کے باعث سریاب روڈ بلاک ہوگئی اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔

(جاری ہے)

اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور حالات کو کنٹرول کرلیا گیا۔ مقتولین کی لاشوں اور زخمی افراد کو سول اسپتال کوئٹہ منتقل کردیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق تصادم کی وجوہات جاننے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق یہ واقعہ جائیداد کے لین دین کے باعث پیش آیا تاہم تفتیش شروع کردی گئی ہے ۔مقتولین کی لاشوں کو ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دیا گیا ہے جبکہ زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔