دوران ڈیوٹی وفا ت پانے والے ملازمین کے بچوں کونوکریاں دینا گیپکو کااحسن اقدام ہے،وزیرتوانائی خرم دستگیر خان

منگل 8 اگست 2023 22:10

گوجرانوالہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اگست2023ء) وفاقی وزیر توانائی(پاور ڈویژن) انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ دوران ڈیوٹی وفات پانے والے ملازمین کے بچوں کو نوکری دینا گیپکو کا ایک احسن اقدام اور مرحومین کی خدمات کا اعتراف ہے، لوگوں کی زندگیوں میں روشنی بکھیرنے اور فرض کی راہ میں شہید ہونے والے ملازمین کی خدمات سنہری حروف میں لکھے جانے کے قابل ہیں۔

وہ دورانِ ڈیوٹی فوت ہونے والے گیپکو ملازمین کے بچوں کوتقرری نامے دینے کیلئے گیپکو ہیڈ کوارٹرمیں منعقدہ تقریب سے خطاب کررہے تھے۔تقریب میں چیئرمین گیپکو بورڈ آف ڈائریکٹرز محمد شعیب بٹ، چیف ایگزیکٹو انجینئر محمد ایوب، ڈائریکٹر جنرل ایچ آر اینڈ ایڈمن جلیل الرحمن، مینجر ایڈمن محمد ذیشان ستار، مینجر ایچ آر غلام غوث، ڈپٹی مینجر پبلک ریلیشنز محمدرانا جہانگیر، پاکستان واپڈا ہائیڈڑو ورکرز یونین کے ریجنل چیئرمین ولی الرحمن خاں سمیت گیپکو افسران، یونین نمائندگان و ملازمین کی کی کثیر تعدادنے شرکت کی۔

(جاری ہے)

انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا کہ آج کے اس مشکل دور میں دورانِ نوکری وفات پا جانے والے ملازمین کے بچوں کو اشتہار اور امتحان کے بغیر محض تعلیمی قابلیت کی بنیاد پر نوکریاں دینا متاثرہ خاندانوں کے لیے بہت بڑی سہولت ہے جبکہ حقداروں کو بروقت انکا حق بہم پہنچانے کیلئے گیپکو انتظامیہ بھی مبارکباد کی مستحق ہے۔اس موقع پر وفاقی وزیر نے نئے بھرتی ہونے والے ملازمین کو تلقین کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی نوکری کو اللہ کا انعام اور اپنے مرحوم والدین کی محکمانہ خدمات کا اعتراف سمجھتے ہوئے اپنے کام کے ساتھ بھرپور انصاف کریں اوراپنے کام کو عبادت سمجھ کر کریں گے تودنیا میں توقیر ملے گی اور آخرت بھی سنور جائے گی۔

تقریب کے آخر میں وفاقی وزیر توانائی(پاور ڈویڑن) انجینئر خرم دستگیر خان نے دورانِ ملازمت وفات پانے والے 14گیپکوملازمین کے لواحقین کوتقرری نامے دیئے۔