بلیغ الرحمن نے یونیورسٹی آف سرگودھا میں کالج آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کی نئی عمارت کا افتتاح کردیا

جمعرات 10 اگست 2023 22:56

بلیغ الرحمن نے یونیورسٹی آف سرگودھا میں کالج آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی ..
سرگودہا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اگست2023ء) گورنر پنجاب و چانسلر محمد بلیغ الرحمن نے یونیورسٹی آف سرگودھا کے علامہ اقبال کیمپس میں کالج آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کی جدید تقاضوں کے مطابق تعمیر کردہ نئی عمارت کا افتتاح کر دیا۔ علامہ اقبال کیمپس میں کالج آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کی نئی عمارت کے افتتاح کی مرکزی تقریب ملک فیروز خان نون بزنس سکول کے آڈیٹوریم میں منعقد ہوئی جس میں گورنر پنجاب نے کالج آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کی نئی عمارت کا باقاعدہ افتتاح کیا۔

اس موقع پر گورنر پنجاب کو نئی تعمیر شدہ عمارت میں بنائی گئی جدید لیبارٹریز، جدید لائبری، ہاسٹلز، اکڈیمک بلاک، ایڈمن بلاک سمیت دیگر مکمل ہونے والے ترقیاتی کاموں کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔

(جاری ہے)

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ تعمیراتی پراجیکٹ کی تکمیل پریونیورسٹی آف سرگودھا کی انتظامیہ بالخصوص وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس کو مبارکباد پیش کی۔

انہوں نے کہا کہ نوجوان ملک و قوم کا سرمایہ اور قیمتی اثاثہ ہیں اور ان کی تعلیم و تربیت کیلئے جدید سہولیات فراہم کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔طلبہ وہ ہیرے ہیں جنہیں تراشنے کی ضرورت ہے کیونکہ آنے والے کل میں انہوں نے ہی ملک کی باگ ڈور سنبھالنی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یورپ کی ترقی تعلیم کی مرہون منت ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ جدید تقاضوں سے ہم آہنگ مہارتوں اور علوم کو فروغ دیا جائے کیونکہ مہارتوں اورجدید تحقیق پر مبنی تعلیم کسی بھی معاشرے کی ترقی میں نہایت اہمیت کی حامل ہے۔

اس لئے عوام کو حصول تعلیم کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کئے جارہے ہیں تاکہ وہ ترقی کی راہ پر گامزن ہوں سکیں۔گورنر پنجاب بلیغ الرحمن نے دور افتادہ دیہات و قصبات میں اس طرز کے کالجز اور کیمپسز کے قیام کو خوش آئند قرار دیا۔انہوں نے مزید کہا کہ پبلک سیکٹر یونیورسٹیز شرح خواندگی میں اضافے کے ساتھ ساتھ ملکی معیشت کی ترقی میں بھی اپنا بھرپور کردار ادا کر رہی ہیں.مجھے خوشی ہے کہ سرگودھا یونیورسٹی نے سکول سے یونیورسٹی تک کا سفر کیا اور سرگودھا یونیورسٹی تدریس میں پنجاب کی پہلی اور پاکستان کی دوسری بڑی یونیورسٹی ہے۔

گورنر پنجاب نے اس موقع پر مکمل اطمینان اور دلی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یونیوسٹی کے تمام تعلیمی، تعمیراتی اور تحقیقی پراجیکٹس معیاری اور غیر معمولی ہیں اور یہ ادارہ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس کی قیادت میں درست سمت میں گامزن ہے۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے کہا کہ یونیورسٹی آف سرگودھا 40ہزار سے زائد طلبہ کو اعلیٰ تعلیم فراہم کر کے نوجوانوں کی ایسی نسل تیار کر رہی ہے کو جو دورِ حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ اور ملکی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

اس مقصد کیلئے ای روزگار سنٹر، کیریئر کونسلنگ سنٹر، انکیوبیشن سنٹر سمیت مختلف منصوبوں کے ذریعے نوجوانوں کو عملی مہارتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔ وائس چانسلر نے عندیہ دیا کہ عنقریب یونیورسٹی آ ف سرگودھا میں ٹیکنالوجی پارک قائم کیا جائے گا جس سے نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی پر مبنی عملی مہارتیں سیکھنے کا موقع ملے گا۔ وائس چانسلر نے کہا کہ یونیورسٹی آف سرگودھا میں تعلیمی و تحقیقی سرگرمیوں کو دوام بخشنے کیلئے معروف قومی و بین الاقوامی اداروں کے معاہدات کو عملی شکل دے دی گئی ہے جس کے ثمرات جلد حاصل ہوں گے۔

پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے بتایا کہ نرسنگ سکول کے قیام کیلئے بھی جامع حکمت عملی تیار کر لی گئی ہے،نرسنگ سکول کے قیام سے اس خطے میں صحت کے میدان میں بہتری آئے گی۔ تقریب کے اختتام پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن کو یادگاری سووینئر پیش کیا۔ اس موقع پر وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس، پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر الیاس طارق، کمشنر سرگودھا محمد اجمل بھٹی، ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ شعیب علی،آر پی او شارق کمال صدیقی، ڈی پی او محمد فیصل کامران، پرنسپل کالج آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی ڈاکٹر حارث عزیز، پراجیکٹ ڈائریکٹر ملک احمد یار سمیت، فیکلٹی و سٹاف ممبران، عمائدین شہر، ضلعی انتظامیہ کے نمائندگان سمیت مختلف شعبہ جات کی سرکردہ شخصیات بھی موجود تھیں۔