ایرانی وزیر خارجہ کا دورہ سعودی عرب خوش آئند ،نئے عہد کا نقطہ آغاز ہے، سینیٹر عبدالقادر

دونوں ممالک مسئلہ فلسطین کے پر امن حل میں کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں،چیئرمین سٹینڈنگ کمیٹی پیٹرولیم

ہفتہ 19 اگست 2023 23:23

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اگست2023ء) چیئرمین سٹینڈنگ کمیٹی برائے پیٹرولیم و رسورسز اور سیاسی و اقتصادی امور کے ماہر سینیٹر عبدالقادر نے کہا ہے کہ ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان کا دورہ سعودی عرب ایک نئے عہد کا آغاز ہے سعودی عرب اور ایران کے مابین تعلقات کی بحالی علاقائی سلامتی کے لئے انتہائی اہمیت کی حامل ہے اسے اسلامی دنیا کا اتحاد تصور کیا جا رہا ہے دونوں ممالک مسلمان ملکوں میں ممتاز مقام رکھتے ہیں ایرانی وزیر خارجہ نے اپنے سعودی ہم منصب شہزادہ فیصل بن فرحان سے ریاض میں ملاقات کی۔

یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ سعودی شہزادہ فیصل بن فرحان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب اور ایران کے مابین سفارتی تعلقات کی بحالی علاقائی سلامتی کے لئے انتہائی اہم موڑ ہے ریاض میں اپنی ایرانی ہم منصب کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شہزادہ فیصل نے کہا کہ سعودی عرب ایران کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کا خواہاں ہے سعودی عرب ایران کے ساتھ طے شدہ سیکیورٹی اور اقتصادی معاہدوں کو فعال کرنے کا خواہاں ہے سعودی وزیر خارجہ نے ورلڈ ایکسپو 2030 کی میزبانی کی سعودی عرب کی کوششوں کی حمایت پر ایران کا شکریہ ادا کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایرانی وزیر خارجہ کی سعودی وزیر خارجہ کے ساتھ ریاض میں ہونے والی ملاقات نتیجہ خیز رہی اسلامی جمہوریہ ایران خطے میں سعودی عرب کے کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے دونوں ممالک دیرینہ علاقائی مسائل کے حل کیلئے مل کر کام کر سکتے ہیں ایران سعودیہ تعلقات درست سمت میں آ گے بڑھ رہے ہیں دونوں ممالک دو طرفہ تعلقات کا فروغ چاہتے ہیں دونوں اقوام برسوں کے بعد ایک دوسرے کے قریب آ رہی ہیں جس پر دونوں ممالک میں باہمی محبت و یگانگت کو فروغ مل رہا ہے ان دونوں ممالک کے قریب آنے سے خلیجی ممالک کی کشمکش بھی ختم ہونے لگے گی۔

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب اور ایران کے مابین تعلقات کے فروغ کا علاقائی سیاست، سفارت، تجارت اور ثقافت پر بہت گہرا اثر پڑے گا خصوصی طور پر خلیجی ممالک میں زبردست سرگرمی اور جوش و خروش دیکھنے کو ملے گا پاکستان سعودی عرب اور ایران مستحکم ہوتے ہوئے تعلقات پر اپنے پر مسرت جذبات کا اظہار کر چکا ہے پاکستان کے دونوں ممالک کے ساتھ متوازن تعلقات ہیں برسوں بعد مسلمان ملکوں کو جو سب سے بڑی خوشی نصیب ہوئی ہے وہ ایران سعودیہ تعلقات کا فروغ ہی ہے ان مضبوط تعلقات کا براہ راست اثر مسئلہ فلسطین کے حل پر پڑے گا دونوں ممالک فلسطین کے مسائل کے حل کیلئے انتہائی حساس ہیں امید نظر آ رہی ہے کہ جلد فلسطین کا مسئلہ بھی پر امن طریقے سے حل ہو جائے گا۔