محکمہ این ایچ اے شاہرائوں کی بہتری کیلئے تمام محدود وسائل بروئے کار لا رہاہے ،ڈپٹی ڈائریکٹرسبی این ایچ اے

پیر 28 اگست 2023 23:05

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اگست2023ء) ڈپٹی ڈائریکٹرسبی نیشنل ہائی وے اتھارٹی امداد حسین سولنگی نے کہاہے کہ محکمہ این ایچ اے شاہرائوں کی بہتری کیلئے تمام محدود وسائل بروئے کار لا رہا ہے، چئیرمین این ایچ اے کی جانب سے پنجرہ پل کے مقام ہر کازوئے کو بنانے کے لئے پانچ کروڑ چالیس لاکھ روپے کے فنڈز جاری کئے ہیں جس کا کام مکمل ہو چکا ہے اور کچھ روز میں کازوئے کا ڈیرویشن مکمل کرکے بولان قومی شاہراہ این اے 65 کو مکمل طور پربحال کیا جائے گا،انہوں نے ان خیالات کا اظہار بولان شاہراہ پنجرہ پل کے مقام پر کازوئے کے کام کا معائنہ کرنے کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ این اے 65 بولان قومی شاہراہ گزشتہ سال طوفانی بارشوں اور اونچے درجے کے سیلاب سے بہت متاثر ہوئی تھی اور پنجرہ پل مکمل طور پر تباہ ہوا تھا جبکہ شاہراہ بھی کئی مقامات سے زمین بوس چکی ہے جس کی وجہ سے بلوچستان سے اندوون سندھ پنجاب جانے والی مال بردار گاڑیاں اور پبلک ٹرانسپورٹ کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ،فنڈز کی کمی کی وجہ سے پنجرہ پل پر عارضی گزر گاہ بنا کر ٹریفک کی روانی بحال کی گئی ہےہے ،کازوئے کا کام مکمل ہو چکا ہے اور کچھ روز میں کازوئے کا ڈیرویشن مکمل کرکے بولان قومی شاہراہ این اے 65 کو مکمل طور پربحال کیا جائے گا ،انہوں نے کہا کہ ایشین بنک ڈویلپمنٹ کی جانب سے پنجرہ پل کی تعمیر نو کیلئے فنڈر فراہم کیا گیا ہے اور ٹینڈر بھی ہوا ہے انشاء اللہ اگلے ماہ ستمبر میں پل کا کام شروع کر کے چھ ماہ میں پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے ۔