yعقیدہ ختم نبوتؐ کا تحفظ ہر صورت یقینی بنائینگے ‘ شفیق امینی

:عقیدہ کے منکرین کو کافر قرار دلوانے کیلئے 10 ہزار سے زیادہ مسلمانوں نے قربانیاں دیں ‘ صوبائی امیر تحریک لبیک پاکستان

جمعرات 7 ستمبر 2023 21:25

&پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 ستمبر2023ء) تحریک لبیک پاکستان کے صوبائی امیر و رکن شوریٰ علامہ ڈاکٹر محمد شفیق امینی نے کہا ہے کہ 7 ستمبر 1974 کے دن اکابرین و عوام اہل سنت کی قربانیوں کو ہمیشہ یادرکھا جائے گا۔ عقیدہ ختم نبوت کے منکرین کو کافر قرار دلوانے کے لئے 10 ہزار سے زیادہ مسلمانوں نے قربانیاں دیں جبکہ امیر المجاہدین علامہ خادم حسین رضوی نے اس قانون پر پہرہ دیتے ہوئے امت کو اکٹھا کیاتاہم آج پھر تحفظ ختم نبوت کی آئینی اور قانونی حیثیت ختم کرنے کی سازشیں ہورہی ہیں لیکن ٹی ایل پی اس کے خلاف سیسہ پلائی دیوار بنی رہے گی اور ایسی ہونے والی ہر سازش کو ناکام بنا دے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے چوک یادگار پشاورمیں منعقدہ ختم نبوت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر عوامی نیشنل پارٹی کے سینئر رہنماء و سابق وفاقی وزیر ریلوے الحاج غلام احمد بلور سمیت مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔تحریک لبیک پاکستان کے صوبائی امیر علامہ ڈاکٹر محمد شفیق امینی کا اس موقع پر مزید کہنا تھا کہ عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ اور منکرین ختم نبوت کو کافر قرار دلوانے کے لئے ہمارے اکابرین و عوام اہل سنت بالخصوص حضرت علامہ شاہ احمد نورانی، عبدالستار خان نیازی،عاشق صادق محمد امین باباجی و دیگر کی کاوشوں کو تاریخ ہمیشہ یاد رکھے گی۔

انہوں نے کہا کہ1974 کی تحریک تحفظ ختم نبوت میں 10 ہزار سے زائد عشاقان رسول نے جانوں کا نظرانہ پیش کیا جس کے نتیجے میں پاکستان کے آئین اور قانون میں منکرین ختم نبوت کو کافر قرار دیا گیا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ حضرت باباجی خادم حسین رضوی نے اپنی پوری زندگی اس عقیدے اور نظریے کے تحفظ کے لئے وقف کر دی تھی۔امیر المجاہدین نے اس قانون پر پہراہ دیتے ہوئے امت کو پھر اکٹھا کیا اور اب حافظ سعد حسین رضوی کی قیادت میں تحریک لبیک پاکستان اس عقیدے کی آئینی اور قانونی حیثیت کے تحفظ اور پہرے داری کے لئے میدان عمل میں موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج ایک دفعہ پھر منکرانِ عقیدہ ختم نبوت قوتیں عقیدہ ختم نبوت کے خلاف سازشوں پر اتر آئی ہیں اور اس سلسلے میں آئین و قانون میں تبدیلی کی سازشیں رچائی جا رہی ہیں لیکن تحریک لبیک پاکستان کا ایک ایک کارکن اپنے خون کے آخری قطرے تک اس عقیدے اور اس کی آئینی و قانونی حیثیت کی پہرے داری کرے گا