پاک بھارت میچ کیلئے متبادل دن نہ رکھا جاتا تو رن ریٹ کی بنیاد پر ایشیا کپ کا فائنل سری لنکا اور پاکستان کے درمیان ہوتا

سپر مرحلے کے آخری میچ میں بنگلہ دیش کے ہاتھوں بھارت کی شکست کے بعد ٹورنامنٹ کے شیڈول سے متعلق دنیائے کرکٹ کے معتبر ناموں کا اعتراض

muhammad ali محمد علی ہفتہ 16 ستمبر 2023 00:03

پاک بھارت میچ کیلئے متبادل دن نہ رکھا جاتا تو رن ریٹ کی بنیاد پر ایشیا ..
کولمبو (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 15 ستمبر 2023ء ) پاک بھارت میچ کیلئے متبادل دن نہ رکھا جاتا تو رن ریٹ کی بنیاد پر ایشیا کپ کا فائنل سری لنکا اور پاکستان کے درمیان ہوتا۔ تفصیلات کے مطابق ایشیاء کپ سپر مرحلے کے آخری میچ میں بنگلہ دیش کے ہاتھوں بھارت کی شکست کے بعد ٹورنامنٹ کے شیڈول سے متعلق دنیائے کرکٹ کے معتبر ناموں کی جانب سے بڑا اعتراض اٹھایا گیا ہے۔

سابق کپتان راشد لطیف اور سابق ٹیسٹ کرکٹر بازید خان کی جانب سے نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انکشاف کیا گیا ہے کہ سپر 4 مرحلے میں پاک بھارت میچ کیلئے متبادل دن رکھنے کا غیر منصفانہ فیصلہ پاکستان کے ٹورنامنٹ کے فائنل میں پہنچنے کی راہ میں بڑی رکاوٹ بنا۔ بتایا گیا ہے کہ اگر پاک بھارت سپر 4 مرحلےکے میچ کیلئے متبادل بن نہ رکھا جاتا، تو اس صورت میں دونوں ٹیموں کو 1،1 پوائنٹ مل جاتا، جبکہ اس وقت تک پاکستان کو رن ریٹ بھی بھارت سے کہیں بہتر تھا۔

(جاری ہے)

اس کے بعد سری لنکا کے ہاتھوں پاکستان کی شکست کے بعد قومی ٹیم بہتر رن ریٹ اور 3 پوائنٹ کے ساتھ فائنل کی دوڑ میں شامل رہتی۔ اگر پاک بھارت میچ کیلئے متبادل دن نہ رکھا جاتا، تو اس صورت میں آج بنگلہ دیش کے ہاتھوں شکست کے بعد بھارت کے بھی 3 ہی پوائنٹس ہوتے، تاہم اس کا رن ریٹ پاکستان سے کم ہوتا، اور یوں رویت شرما الیون ٹورنامنٹ کے فائنل کی دوڑ سے باہر ہو جاتی۔

جبکہ 4 پوائنٹس کے ساتھ سری لنکا اور 3 پوائنٹس اور بہتر رن ریٹ والی پاکستانی ٹیم فائنل میں پہنچ جاتیں۔ راشد لطیف اور بازید خان کی جانب سے مزید بتایا گیا ہے کہ سری لنکا کے سابق عظیم کپتان رانا ٹنگا نے بھی ایشیاء کپ کے متنازعہ شیڈول اور دیگر معاملات میں بھارت کے ناجائز اثر و رسوخ پر سوالات اٹھائے ہیں۔ واضح رہے کہ ایشیاء کپ 2023 کے فائنل میں اتوار 17 ستمبر کو بھارت اور سری لنکا کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔