بلاول بھٹو زرداری کی پیپلز پارٹی کے مختلف رہنماؤں کے عزیز اقارب کی وفات پر تعزیت

ہفتہ 16 ستمبر 2023 19:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 ستمبر2023ء) چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری پیپلز پارٹی کے مختلف رہنماؤں کے عزیز اقارب کی وفات پر تعزیت کیلئے انکے گھروں میں تعزیت کیلئے گئے۔ ڈیفنس میں پاکستان پیپلزپارٹی شعبہ خواتین لاہور کی جنرل سیکریٹری سونیا خان نیازی کی رہائش گاہ پر گئے اور مرحومہ بیگم شمیم خان نیازی کے انتقال پر ان کی صاحبزادی سونیا خان نیازی اور صاحبزادے طارق خان نیازی سے تعزیت کرتے ہوئے مرحومہ کے بلندی درجات کیلئے فاتحہ خوانی اور لواحقین کے صبر جمیل کی دعا کی اور کہا کہ مرحومہ بیگم شمیم خان نیازی کی جمہوریت کے لئے قربانیاں تاریخ کے سنہری حرفوں سے لکھے جانے کے قابل ہیں، بیگم شمیم خان نیازی نے جمہوریت کیلئے قیدوبند کی صعوبتیں برداشت کیں، ان کی جدوجہد ناقابل فراموش تھی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سید حسن مرتضیٰ، ثمینہ گھرکی، اسلم گل، ذوالفقارعلی بدر، طارق نیازی، عاطف رفیق چودھری سمیت دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ بعدازاں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری رحمان ولاز میں واقع بشیر ریاض کی رہائش گاہ پر ان کی عیادت کے لئے پہنچے، ان کی مزاج پرسی کی، جلد مکمل صحت یابی کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری گلبرگ حالی روڈ پر واقع پی پی پی رہنما حافظ غلام محی الدین کی رہائش گاہ پہنچے اور ان کے صاحبزادے ندیم محی الدین کے انتقال پر تعزیت اور عدیل محی الدین سے بھی ان کے بھائی ندیم محی الدین کے انتقال پر افسوس کا اظہار اور ندیم محی الدین کے بلندی درجات کیلئے فاتحہ خوانی اور لواحقین کے صبر جمیل کی دعا کی۔

اس موقع پر قاسم ضیاء، نوید چودھری، فائزہ ملک، بشریٰ ملک اور دیگر پارٹی رہنما بھی موجود تھے۔