ستمبرکا آخری ہفتہ پھول سے پھل بننے کا عمل شروع ہونے کے باعث کپاس کی فصل کیلئے اہم ہے، چوہدری عبدالحمید

جمعہ 22 ستمبر 2023 12:43

ستمبرکا آخری ہفتہ پھول سے پھل بننے کا عمل شروع ہونے کے باعث کپاس کی ..
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 ستمبر2023ء) ڈویژنل ڈائریکٹرمحکمہ زراعت توسیع فیصل آباد چوہدری عبدالحمید نے کہا کہ ستمبرکا آخری ہفتہ کپاس کی پیداوار کے حوالے سے انتہائی اہم ہے جس میں فصل کے پھول سے پھل بننے کا عمل شروع ہو جاتا ہے جبکہ انہی دنوں میں کپاس کی فصل کو گلابی سنڈی بھی متاثر کرسکتی ہے جس سے فصل کی کوالٹی اور پیداوار متاثر ہوتی ہے اس لئے کاشتکار ستمبر کے آخری ہفتہ کے دوران فصل کو گلابی سنڈی سے بچانے کیلئے بھر پور توجہ دیں۔

اے پی پی سے بات چیت کے دوران انہوں نے کہاکہ محکمہ زراعت توسیع کی طرف سے کپاس کی بہترین نگہداشت اور کاشتکاروں کی رہنمائی کیلئے مرکز کی سطح پر ریپڈ رسپانس ٹیمیں کام کررہی ہیں جو کپاس کی فصل کے علاقوں میں پلانٹ کلینک سے متعلق رہنمائی فراہم کررہی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کاشتکاروں سے کہا کہ وہ سہولت سے فائدہ اٹھائیں اور کپاس کی بہترین نگہداشت کرکے کپاس کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کریں۔

انہوں نے کہا کہکپاس کے کاشتکارموجودہ موسم میں فصل کی بڑھوتری اور پھل لگنے کے مر حلہ پر آبپاشی کابھی خاص خیال رکھیں اور کپاس کی ظاہری علامات کو مد نظر رکھتے ہوئے ستمبر میں عشرہ کے وقفہ سے پانی لگائیں اور کپاس کی اقسام کو بھی مد نظر رکھتے ہوئے آبپاشی کریں تاکہ پانی کی کمی کے باعث فصل کا پیداواری عمل متاثر نہ ہو۔انہوں نے بتایاکہ چونکہ مختلف اقسام کو اپنے پیداواری مراحل میں مختلف طریقے سے وقفوں وقفوں کے دوران پا نی کی ضرورت ہوتی ہے اسلئے بی ٹی اقسام میں پانی کا استعمال پودے کی ضرورت اور زمین کی ساخت کے مطابق کیا جائے۔

انہوں نے کاشتکاروں کو مشورہ دیا کہ وہ کسی بھی مشکل کی صورت میں ماہرین زراعت یا محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف سے رابطہ کر کے ان سے رہنمائی حاصل کر سکتے ہیں تاکہ فصل کو ہر طرح کے نقصان سے بچایا جا سکے۔انہوں نے کہاکہ اچھی پیداوار بہتر مالی منفعت کا باعث بن سکتی ہے اس لئے جب بہتر فصل حاصل ہو گی تو کاشتکاربھی خوشحال ہو گا۔