معیاری ادویات کی دستیابی عوام کا بنیادی حق ہے، اسے یقینی بنانے میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں‘ ڈاکٹرجمال ناصر

جمعہ 22 ستمبر 2023 22:47

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 ستمبر2023ء) وزیر پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کیئر پنجاب ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا ہے کہ معیاری ادویات کی دستیابی عوام کا بنیادی حق ہے، اسے یقینی بنانے میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں، پنجاب میں کام کرنے والی فارماسیوٹیکل کمپنیاں دوائیاں بنانے کے لئے بین الاقوامی معیار کی پابندی کریں، ادویات کی تیاری کے دوران کوالٹی سٹینڈرڈ اور سیفٹی پروٹوکول کی سختی سے ے پابندی کی جائے،دوائیں مہنگے داموں فروخت کرکے ناجائز منافع کمانے والے حرام خوری کرتے ہیں،صوبائی ڈرگز کوالٹی کنٹرول بورڈ مارکیٹ میں ادویات کی مقررہ نرخوں پر دستیابی پر خصوصی توجہ دے۔

پنجاب ڈرگز کوالٹی کنٹرول بورڈ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر جمال ناصر نے ہدایت کی کہ کیمسٹ شاپس کے لئے طے شدہ معیار اور شرائط کی سختی سے پابندی کروائی جائے اور میڈیکل سٹورزچکے لئے طے شدہ ایس او پیز پر عملدرآمد کروایا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے خبردار کیا کہ بغیر لائسنس میڈیکل سٹور چلانے والے فوراً انہیں بند کر دیں ورنہ نتائج کا سامنا کرنے کے لئے تیار رہیں۔

وزیر پرائمری ہیلتھ نے کہا کہ فارماکمپنیوں کے مسائل کے حل اور جائز شکایات کے ازالے کے لئے جامع نظام وضع کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ادویات کی تیاری کے بارے میں تمام کیسز کی سماعت میرٹ پر کی جا رہی ہے۔ نئے کیسز کی سماعت جلد از جلد کی جائے۔ اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری ڈرگز کنٹرول ڈاکٹر قلندر خان، ڈائریکٹر جنرل ڈرگز کنٹرول محمد سہیل،چیف ڈرگز کنٹرولر اظہر جمال سلیمی، دیگر متعلقہ افسران اور ماہرین ادویات سازی نے بھی شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :