تھانہ کلچر میں تبدیلی اور پبلک سروس ڈلیوری میں بہتری کیلئے تمام ممکن اقدامات کئے جارہے ہیں، ڈی پی او

جمعہ 22 ستمبر 2023 23:06

چنیوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 ستمبر2023ء) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر عبداللہ احمد نے روزانہ کی بنیاد پراوپن ڈور پالیسی کے تحت لوگوں کے مسائل کی سماعت کی۔ڈی پی او نے درخواستیں متعلقہ افسران کو مارک کرکے مختص کردہ ٹائم میں داد رسی یقینی بنانے ، کمپلینٹ سیل افسران کو درخواستوں کا فالو اپ لے کر رپورٹ پیش کرنے اور کمپلینٹ سیل کو لوگوں سے فیڈ بیک لینے کی ہدایت کی ۔

(جاری ہے)

ڈی پی او نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امن و امان کا قیام،بروقت انصاف کی فراہمی اور لوگوں کی جان و مال کی حفاظت اولین ترجیح ہے، تھانہ کلچر میں تبدیلی اور پبلک سروس ڈلیوری میں بہتری کیلئے تمام ممکن اقدامات کئے جارہے ہیں، تھانہ جات میں لوگوں کے مسائل کے حل کیلئے خصوصی ہدایات جاری کی گئیں ہیں، فیلڈ افسران کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ کسی بھی مسئلہ کی صورت میں آنے والے شہریوں کیساتھ اچھے اخلاق سے پیش آکر ان کا مسئلہ جلد از جلد حل کیا جائے اور بلاوجہ انتظار نہ کروایا جائے، دفاتر،تھانہ جات میں کسی بھی شہری کی تضحیک ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔

کسی بھی وجہ سے شہریوں کا تھانہ جات میں کوئی مسئلہ حل نہیں ہوتا تو شہری بلاجھجھک میرے دفتر تشریف لائیں،انکے مسائل کا حل یقینی بنایا جائے گا۔