سپریم کورٹ نے محکمانہ انکوائری کے خلاف سکول ٹیچر کی درخواست مسترد کردی

جمعہ 22 ستمبر 2023 20:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 ستمبر2023ء) سپریم کورٹ نے محکمانہ انکوائری کے خلاف سکول ٹیچر کی درخواست مسترد کردی،رحیم یار خان کے سکول ٹیچر کو خواتین کو ہراساں کرنے اور موبائل چھیننے کے الزامات پر قبل از وقت ریٹائرڈ کیا گیا تھاجبکہ جسٹس اطہر من اللہ نے کہا ہے کہ آپ پر تو انتہائی سنجیدہ نوعیت کے الزامات ہیں ،آپ کو بحال کیسے کیا گیا، شکر کریں کہ انکوائری کا فیصلہ آپ کے حق میں ہے۔

چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے محکمانہ انکوائری کے خلاف سکول ٹیچر کی درخواست پر سماعت کی۔

(جاری ہے)

چیف جسٹس نے کہا کہ انکوائری کے بعد آپ کو بحال کردیا گیا تو ملازمت پر کیوں نہیں گئی سکول ٹیچر نے عدالت کو بتایا کہ میں گیا تھا لیکن ری جوائننگ نہیں کرائی گئی جبکہ کہا گیا کہ آپ کو پنشن مل رہی ہے اس لئے دوبارہ جوائننگ نہیں ہوسکتی ہے،چیف جسٹس نے استفسار کیا آپ کی عمر کیا ہے آپ نے متعلقہ فورم پر درخواست کی پیروی کیوں نہیں کی آپ چاہتے ہیں کہ آپ کی درخواست مسترد کردیں ایسا تو نہیں کہ آپ متعلقہ فورم پر جانا ہی نہیں چاہتے۔ بعد ازاں عدالت نے محکمانہ انکوائری کے فیصلے کیخلاف درخواست مسترد کرتے ہوئے ضابطے کے تحت معاملہ نمٹانے کا حکم دے دیا۔