ایران کی قدس فورس کے کمانڈر کی شام میں مشترکہ مشقوں میں شرکت

قدس فورس کے کمانڈر اسماعیل قاآنی نے مشترکہ فوجی مشقوں کی نگرانی کی،سینئر شامی حکام سے بھی ملاقاتیں

ہفتہ 23 ستمبر 2023 13:45

تہران(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 ستمبر2023ء) پاسداران انقلاب کے بیرون ملک آپریشنز کے ذمہ دار ونگ قدس فورس کے کمانڈر اسماعیل قاآنی نے شام کا دورہ کیا جہاں انہوں نے دونوں اتحادی ممالک کے درمیان مشترکہ فوجی مشقوں کی نگرانی کی۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق قاآنی نے شام کے سینئر حکام کے ساتھ ملاقات کی۔ ملاقات میں شام کو درپیش فوجی اور سکیورٹی چیلنجوں سے نمٹنے سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس کے علاوہ جنرل قاآنی نے ایران اور شام کے مشترکہ فوجی مشق کی نگرانی کی۔ایجنسی نے رپورٹ کیا کہ انہوں نے شام اور ایران کے درمیان برادرانہ تعلقات کو سراہا اور اس بات پر زور دیا کہ ایران چیلنجوں کا سامنا کرنے میں شامی عوام اور ان کی قیادت کے ساتھ کھڑا رہے گا۔

(جاری ہے)

قاآنی کو میجر جنرل قاسم سلیمانی کی جگہ قدس فورس کا کمانڈر مقرر کیا گیا تھا جنہیں 2020 میں بغداد ہوائی اڈے کے قریب امریکی ڈرون حملے میں ہلاک کر دیا گیا تھا۔

قدس فورس سرحدوں کے باہر محافظوں کا دستہ ہے۔ امریکا نے اسے 2019 میں اپنی دہشت گرد تنظیموں کی فہرست میں شامل کیا، جب کہ ایران کا دعوی ہے کہ اس کی بیرون ملک سرگرمیاں علاقائی تعاون کے تناظر میں ہیں جن کا مقصد استحکام کو بڑھانا اور مغربی مداخلت کو روکنا ہے۔ایران شام کے صدر بشار الاسد کا ایک بڑا اتحادی ہے اور اس نے حکومت مخالف مظاہروں کو دبانے کے بعد 2011 میں جنگ شروع ہونے کے بعد سے اسے اقتصادی، سیاسی اور فوجی مدد فراہم کی ہے۔تہران کی حمایت نے شامی حکام کو تنازع کے آغاز میں کھوئے ہوئے بیشتر علاقوں کو دوبارہ حاصل کرنے میں مدد کی اور ایران کو ایک اہم کردار ادا کرنے کی اجازت دی جب کہ اسد تعمیر نو پر توجہ مرکوز کرنا چاہتے ہیں۔