ہندو انتہاپسندوں کی مسجد میں گھس کر نعرے بازی

منگل 26 ستمبر 2023 21:40

بنگلور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 ستمبر2023ء) بھارتی ریاست کرناٹک کے جنوبی ضلع کنڑ میں مسلمانوں کو اشتعال دلانے اورعلاقے میں فرقہ وارانہ فسادات بھڑکانے کے لئے ہندو انتہاپسندوں نے مسجد میں گھس کر جے شری رام کے نعرے لگائے۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق پولیس نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے دو افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔

(جاری ہے)

پولیس حکام نے بتایا کہ مسجد کے اندر نعرے بازی کا واقعہ اتوار کی رات 11بجے کے قریب پیش آیا،رات کے وقت دو نامعلوم افراد موٹر سائیکل پر آئے اور مردھالا بدریا جامع مسجد کے احاطے میں گھس گئے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ انہیں مسجد کے سربراہ سے شکایت موصول ہوئی ہے کہ مسجد کے اندر جے شری رام کے نعرے لگائے گئے ہیں۔ اس کے بعد پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج کا تجزیہ کیا اور دو افراد کو گرفتار کر لیا۔ملزمان کی شناخت 26سالہ سچن رائے اور 24سالہ کیرتن پجاری ہوئی ہے جو کدبا تعلقہ کے کیاکمبا گائوں کے رہنے والے ہیں۔